کورونا سے 20 لاکھ ہلاک و متاثر، عالمی سطح پر خوراک کی قلت
اقوامِ متحدہ کے ادارہ برائے خوراک نے کورونا وائرس سے عالمی سطح پر خوراک کی قلت پیدا ہو جانے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
عالمی میڈیا کے مطابق دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 19 لاکھ 25 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ اس سے ہلاکتیں 1 لاکھ 19 ہزار 699 تک جا پہونچی ہیں۔
کورونا وائرس کے دنیا بھر میں 13 لاکھ 60 ہزار 457 مریض اب بھی اسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 51 ہزار 764 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 4 لاکھ 45 ہزار 23 مریض اس بیماری سے نجات پا کر اپنے گھروں کو لوٹ چکے ہیں۔
امریکہ اور اٹلی کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک ہیں جہاں نہ صرف کورونا مریض بلکہ اس سے ہلاکتوں کی تعداد بھی دنیا کے تمام ممالک میں سب سے زیادہ ہے۔
کورونا وائرس سے اسپین میں اموات کی مجموعی تعداد 17 ہزار 756 ہو گئی جبکہ یہاں کورونا کے کیسز 1 لاکھ 70 ہزار 99 ہو چکے ہیں۔
فرانس میں کورونا وائرس کے باعث مجموعی ہلاکتیں 14 ہزار 967 ہوگئیں جبکہ کورونا کیسز 1 لاکھ 36 ہزار 779 تک جا پہونچے ہیں۔
جرمنی میں کورونا سے اموات کی کُل تعداد 3 ہزار 194 ہو گئی جبکہ 1 لاکھ 30 ہزار 72 کورونا کے کیسز رکارڈ کئے جا چکے ہیں۔
چین میں کورونا سے کل ہلاکتیں 3 ہزار 341 ہیں جبکہ کورونا کیسز کی تعداد 82 ہزار 249 ہے۔
برطانیہ میں کورونا سے اموات کی تعداد 11 ہزار 329 ہو گئی جبکہ کورونا کے کیسز کی تعداد 88 ہزار 621 بتائی گئی ہے۔
کورنا وائرس سے روس میں کل اموات 148 ہیں جبکہ اس کے مریضوں کی تعداد 18 ہزار 328 ذکر کی جا رہی ہے۔
سعودی عرب میں کورونا وائرس سے اب تک کل اموات 65 رپورٹ ہوئی ہیں جبکہ اس کے مریضوں کی تعداد 4 ہزار 934 تک پہونچ چکی ہے۔
دوسری جانب اقوامِ متحدہ کے ادارہ برائے خوراک نے اپنی رپورٹ میں خبردار کیا ہے کہ کورونا وائرس سے پھیلنے والی عالمی وبا کے باعث دنیا بھر میں خوراک کی فراہمی کا پیچیدہ اور باہم منسلک نظام شدید متاثر ہو رہا ہے جس سے عالمی سطح پر خوراک کی قلت پیدا ہو سکتی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دنیا بھر میں اس وقت سرحدیں بند ہیں، بحری جہاز لنگر انداز ہیں اور پروازیں معطل ہیں جس کی وجہ سے خوراک کی عالمی ترسیل جامد ہو چکی ہے جبکہ غذاؤں سے بھرے گودام اور کنٹینرز اپنی منزل پر پہنچنے کے انتظار میں ہیں۔