امریکہ، چھے لاکھ سے زائد کورونا کی لپیٹ میں
امریکا میں کورونا وائرس کی تباہکاریوں کا سلسلہ جاری ہے اور ہر روز کئی ہزار نئے کیسز رکارڈ کئے جا رہے ہیں جس سے لگتا ہے کہ ٹرمپ حکومت اس وائرس کو مہار کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہی ہے۔
تازہ ترین رپورٹس کے مطابق امریکہ میں کورونا وائرس کے معاملے بدستور بڑی تیزی سے بڑھ رہے ہیں اور گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید 987 افراد کورونا کی بھینٹ چڑھ گئے۔ اس طرح اس ملک میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد 26 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ تازہ ترین اعداد و شمار امریکہ میں کورونا سے متاثر ہونے والوں کی کل تعداد 6 لاکھ سے زائد بتا رہے ہیں۔
امریکی حکومت نے دیگر ممالک کی بنسبت بہت دیر سے کورونا ٹسٹنگ کا آغاز کیا ہے اور اس وقت کورونا بیماروں میں اچانک اضافے کے بعد امریکہ کے طبی مراکز کورونا ٹسٹ کٹس کی قلت سے روبرو ہیں۔
امریکا میں کورونا کے بے قابو ہونے کے بعد سبھی ریاستوں میں، ہنگامی حالت کے اعلان کے بعد انتہائی المناک صورتحال کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
اس وقت امریکہ کی تمام پچاس ریاستوں میں کورونا وائرس سرایت کر چکا ہے اور اس وبا کے متاثرین اور ہلاک ہونے والوں کی تعداد کے لحاظ سے امریکہ دنیا میں پہلے نمبر پر ہے۔
اس کے علاوہ کورونا سے اموات میں وحشتناک اضافے نے مرنے والوں کی تدفین کے حوالے سے بھی بحرانی صورتحال پیدا کر دی ہے اور مقامی انتظامیہ اور حکام جنازوں کو اجتماعی قبروں میں دفن کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔
واضح رہے کہ امریکہ میں کورونا وائرس کے تیز پھیلاؤ اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والے حالات کے پیش نظر اقتصادی ماہرین نے یہ خدشہ ظاہر کیا ہے کہ آئندہ مئی کے اختتام تک امریکہ میں کم از کم دو کروڑ لوگوں کو اپنے روزگار سے ہاتھ دھونا پڑ سکتا ہے اور اس طرح امریکہ میں بے روزگاری کی شرح ۱۵ فیصد تک پہنچ جائے گی۔