ٹرمپ نے چین پر پھر نشانہ سادھا
کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے تعلق سے اپنی حکومت کی کارکردگی پر کڑی تنقید کا سامنا کر رہے امریکی صدر نے، ایک بار پھر چین کو نشانہ بنایا ہے۔
امریکی صدر ٹرمپ نے روئیٹرز کو انٹرویو دیتے ہوئے ایک بار پھر چین کو نشانہ بنایا ہے اور دعوی کیا ہے کہ امریکہ کے دو ہزار بیس کے صدارتی انتخابات میں ٹرمپ کو شکست دلوانے کے لئے چین کچھ بھی کرنے کے لئے تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین، امریکہ کے صدارتی انتخابات میں جوبائیڈن کی کامیابی کا خواہاں ہے تاکہ ان کی حکومت نے تجارتی اور دیگر مسائل میں چین پر جو دباؤ ڈالا ہے، اسے کم کیا جا سکے۔
کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے میں ناکامی و ناتوانی کی بنا پر امریکی صدر ٹرمپ کو اس وقت شدید نکتہ چینی کا سامنا ہے۔ انہوں نے اس سلسلے میں کچھ عرصے قبل عالمی ادارہ صحت پر بھی چین کی حمایت کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔
ٹرمپ نے کورونا وائرس سے بچنے کے لئے سماج میں ایک دوسرے سے فاصلہ رکھے جانے کے بارے میں بنائے جانے والے قوانین پر عمل کی مدّت میں توسیع کی مخالفت کرتے ہوئے جمعرات سے اس قانون پر عمل کو بھی غیر ضروری قرار دے دیا ہے۔