روس کی نیٹو اور یورپی یونین پر کڑی نکتہ چینی
May ۰۳, ۲۰۲۰ ۱۹:۰۸ Asia/Tehran
روس نے کورونا وائرس کے مقابلے میں اٹلی کی مدد نہ کرنے پر نیٹو اور یورپی یونین کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
روس کے نائب وزیر دفاع الیگزینڈر فومن نے کہا ہے کہ نیٹو اور یورپی یونین دونوں کورونا وائرس سے دوچار اٹلی کی مدد میں ناکام رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افسوس کی بات یہ ہے کہ اٹلی کی مدد میں ناکامی کے باوجود نیٹو اور یورپی یونین دونوں، روس پر الزام تراشی میں مصروف ہیں۔
روس کے نائب وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ جب سے روس نے اٹلی کی مدد کے لیے اپنے فوجی ماہرین بھیجے ہیں، بعض یورپی ممالک نے ماسکو پر جاسوسی کا الزام لگانا شروع کر دیا ہے جو انتہائی غیر منصفانہ ہے۔
قابل ذکر ہے کہ روس کے صدر ولادی میر پوتین اور اطالوی وزیر اعظم جوزف کونٹے نے اکیس مارچ کو ٹیلی فون پر ہونے والی گفتگو میں کورونا وائرس کے مقابلے میں ضروری امداد اٹلی بھیجنے پر اتفاق کیا تھا۔
بعد ازاں روس نے میڈیکل آلات اور دواؤں کے حامل پندرہ کارگو جہاز اور وزارت دفاع کے سو جراثیمی ماہرین اٹلی روانہ کیے تھے۔
یورپی ملکوں میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ اموات اٹلی میں ہوئی ہیں جبکہ اس موذی وائرس میں مبتلا افراد کی تعداد بھی اٹلی میں سب سے زیادہ ہے۔