May ۲۶, ۲۰۲۰ ۲۰:۲۵ Asia/Tehran
  • ایرانی آئل ٹینکر برادری و یکجہتی کا مظہر ہے: وینزویلا

وینزویلا کے وزیر پٹرولیم نے ایندھن کی ترسیل پر ایران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی آئل ٹینکر فارچون برادری و یکجہتی کا مظہر ہے۔

ایرانی آئل ٹینکر کے وینزویلا میں لنگرانداز ہونے پر اس ملک کے وزیر پٹرولیم نے ایک بار پھر ایران کی قدردانی کی ہے۔ الایسامی نے ایرانی آئل ٹینکر کو برادری و یکجہتی کا مظہر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ خوشی کی بات ہے کہ ایران، وینزویلا کے ساتھ کھڑا ہے۔

انہوں نے ایرانی آئل ٹینکروں کے خلاف امریکی دھمکیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ملک کو اپنے معاملات میں مداخلت کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ امریکی دھمکیوں کے بعد وینزویلا کی بحریہ ایرانی آئل ٹینکروں کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے میدان میں آ گئی تھی۔

ایران کے پانچ آئل ٹینکر ایندھن لے کر وینزویلا کے لئے روانہ ہوئے ہیں اور اتوار کے روز پہلا آئل ٹینکر جب وینزویلا کے اقتصادی سمندری علاقے میں داخل ہوا اس ملک کی جانب سے شکریہ کا ہیشٹک ٹرینڈ کرنے لگا۔

وینزویلا کے صدر نے بھی ایرانی آئل ٹینکر کے وینزویلا پہنچنے پر ایران کی حکومت اور عوام کی قدردانی کرتے ہوئے کہا ہے کہ وینزیلا اکیلا نہیں ہے اور ایران جیسا طاقتور اور نڈر ملک ان کے ساتھ کھڑا ہے۔

ٹیگس