May ۲۹, ۲۰۲۰ ۱۹:۳۱ Asia/Tehran
  • عالمی منصوبے کے تحت کام کر کے ہی کورونا پر قابو پایا جا سکتا ہے: کینیڈا

کینیڈا کے وزیراعطم نے کورونا وائرس کو صحت سے متعلق ایک بڑا عالمی بحران قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس بحران پر قابو پانے کے لئے باہمی عالمی اقدام اور ایک منصوبے کی ضرورت ہے۔

کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن تروڈو نے کوویڈ نائنٹین اور اس کی وسعت کے پیش نظر مالی بجٹ کی فراہمی کے بارے میں اقوام متحدہ کے اعلی رتبہ عہدیداروں کے ساتھ تشکیل پانے والے ورچوئل اجلاس میں کہا ہے کہ موجودہ بحران پر قابو پانے کے لئے ایک وسیع البنیاد آئیڈیے پر توجہ دیئے جانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے دنیا کے مختلف ملکوں میں کورونا وائرس کے نتیجے میں ہونے والی اموات اور ان ملکوں پر اقتصادی و سماجی طور پر مرتب ہونے والے تباہ کن اثرات پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کوویڈ نائنٹین صحت سے متعلق ایک وسیع عالمی بحران ہے جس کے نتیجے میں اقتصادی و سماجی شعبوں پر گہرے اثرات مرتب ہو رہے ہیں اور یہ اثرات سرحدوں کو عبور کر کے پوری دنیا میں جان کا خطرہ بنے ہوئے ہیں۔

کورونا بحران پر قابو پانے کے لئے باہمی عالمی اقدام اور ایک منصوبے کی ضرورت پر کینیڈا کے وزیر اعظم نے ایسے وقت میں زور دیا ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ، مختلف بین الاقوامی معاہدوں سے باہر نکلنے کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے عالمی ادارہ صحت پر شدید دباؤ ڈال رہے ہیں اور انہوں نے اس عالمی ادارے کا بجٹ منقطع کرتے ہوئے اسے دھمکی دی ہے کہ امریکہ اس ادارے سے علیحدگی اختیار کر سکتا ہے۔

دنیا میں سب سے زیادہ امریکہ میں ہی لوگ کورونا وائرس میں مبتلا ہوئے ہیں اور اسی ملک میں سب سے زیادہ اموات بھی واقع ہوئی ہیں۔

کورونا بحران کے نتیجے میں امریکہ میں بڑھتی بے روزگاری اور بدحال معیشت، ٹرمپ حکومت کے لئے ایک بڑے چیلنج میں تبدیل ہو گئی ہے جس کے نتیجے میں امریکہ میں لوگوں کی ملازمت ختم کی جا رہی ہے اور گذشتہ ایک ہفتے کے دوران امریکہ کے بیس لاکھ سے زائد شہریوں نے بے روزگاری کی پینشن دیئے جانے کی درخواست کی ہے۔

بوجود اس کے کہ ٹرمپ حکومت نے معاشی سرگرمیاں بحال کر دی ہیں مگر اسکے باوجود امریکہ میں بے روزگاروں کی تعداد میں بے تحاشہ اضافہ ہو رہا ہے اور حکومت بڑھتی بے روزگاری کے مسئلے کو نمٹانے میں پوری طرح ناکام رہی ہے۔

امریکہ کی وزارت محنت سے وابستہ اعداد و شمار کے ادارے کی نئی رپورٹ سے پتہ چلتا ہے کہ گذشتہ ماہ امریکہ کی چونتیس ریاستوں میں بے روزگاروں کی تعداد میں بے انتہا اضافہ ہوا ہے اور سب سے زیادہ خستہ حالت ریاست نواڈا کی بنی ہوئی ہے جہاں کی معیشت غذائی اشیا کی صنعتوں، ہوٹلوں اور سیاحوں سے وابستہ ہے۔

 

ٹیگس