Jun ۱۷, ۲۰۲۰ ۱۰:۰۱ Asia/Tehran
  • ہند چین تصادم پر اقوام متحدہ کو تشویش

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوٹریس نے مشرقی لداخ کے لائن آف ایکچول کنٹرول (ایل اے سی) پر وادی گلوان میں ہندوستان اور چین کی افواج کے مابین ہونے والی جھڑپ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک سے صبر و تحمل سے کام لینے پر زور دیا ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی معاون ترجمان ایری کنیکو نے کہا کہ ہم ہندوستان اور چین کے مابین ایل اے سی پر تشدد اور اموات کی اطلاعات سے فکر مند ہیں اور دونوں فریقوں سے صبر سے کام لینے کی اپیل کرتے ہیں۔

دریں اثنا، ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی نے اس معاملہ پر وزیر داخلہ امت شاہ اور دیگر وزرا کے ساتھ میٹنگ کی اور تقریبا دو گھنٹے تک تبادلہ خیال کیا۔ اس سے قبل بھی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ کی صدارت میں ایک میٹنگ میں ہند چین سرحد کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روزمشرقی لداخ کے علاقے میں واقع لائن آف ایکچول کنٹرول پر وادی گلوان میں چینی فوج کے ساتھ جھڑپ میں ہندوستان کے ایک کرنل اور دو آفیسروں سمیت 20 فوجی اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔ ذرائع کے مطابق چین کو بھی بھاری نقصان پہنچا ہے۔

ہند چین سرحد پر کسی کشیدگی کے دوران جھڑپ میں بڑے پیمانے پر ہلاکتوں کا یہ تقریبا 45 سال میں  پہلا واقعہ ہے۔

ٹیگس