ایران کے ساتھ فوری سمجھوتہ چاہتے ہیں: ٹرمپ کا دعوی
امریکی صدر نے اپنی ایران مخالف پالیسیوں کی ناکامی کی توجیہ کرتے ہوئے دعوی کیا ہے کہ وہ ایران کے ساتھ کسی بھی فوری سمجھوتے کے لیے تیار ہیں۔
ریاست اوکلاہوما کے شہر ٹالسا میں ایک انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے دعوی کیا کہ ایران اور چین آئندہ انتخابات میں ان کے ڈیموکریٹ حریف جوبائیڈن کو کامیاب ہوتے دیکھنا چاہتے ہیں۔
ٹرمپ نے یہ بھی دعوی کیا کہ وہ ایران کے ساتھ فوری معاہدے کے لیے تیار ہیں۔ ٹرمپ نے یہ دعوی ایسے وقت میں کیا ہے جب برطانیہ فرانس اور جرمنی نے جمعے کے روز امریکہ کی خوشامد کرتے ہوئے آئی اے ای اے کے بورڈ آف گورنرز میں ایران کے خلاف سیاسی محرکات کے تحت ایک قرارداد منظور کروائی ہے۔
امریکی وزیرخارجہ مائک پومپیو اور ایرانی امور میں امریکہ کے خصوصی نمائندے براین ہک نے اس قرار داد کا خیر مقدم کیا ہے۔ ایرانی حکام پہلے ہی واضح کر چکے ہیں کہ انہیں امریکی حکام پر اعتماد نہیں ہے اور اگر امریکہ ایران کے ساتھ مذاکرات چاہتا ہے تو وہ ایٹمی معاہدے میں واپس آکر اپنی نیک نیتی کا ثبوت پیش کرے۔