Jul ۰۴, ۲۰۲۰ ۱۷:۵۴ Asia/Tehran
  • امریکہ سے مذاکرات کی کوئی ضرورت نہیں: شمالی کوریا

شمالی کوریا نے اعلان کیا ہے کہ امریکہ کے ساتھ ایٹمی مذاکرات شروع کرنے کا کوئی پروگرام نہیں ہے۔

شمالی کوریا  کی نائب وزیر خارجہ چو سون ھوئی نے ہفتے کو کہا کہ جب تک واشنگٹن، پیونگ یانگ کے سلسلے میں اپنی دشمنانہ پالیسیاں ترک نہیں کرے گا، اس وقت تک وہ امریکہ کے ساتھ ایٹمی مذاکرات شروع نہیں کرے گا۔

شمالی کوریا کی مذکورہ عہدیدار نے کہا کہ پیونگ یانگ نے امریکی دھمکیوں کا مقابلہ کرنے کے لئے واضح حکمت عملی تیار کر لی ہے۔

چو سون ھوئی کا یہ بیان، امریکہ کی قومی سلامتی کے سابق مشیر جان بولٹن کے اس بیان کے بعد آیا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ٹرمپ، صدارتی انتخابات سے پہلے شمالی کوریا کے رہنما کیم جونگ اون سے ملاقات کر سکتے ہیں۔ شمالی کوریا کے رہنما کیم جونگ اون اور امریکی صدر ٹرمپ، جون دوہزار اٹھارہ کے بعد سے اب تک تین بار ملاقات کر چکے ہیں۔

امریکہ نے سنگاپور سمجھوتے کے تناظر میں کوئی قدم نہیں اٹھایا جس پر پیونگ یانگ نے سخت تنقید کی ہے۔ شمالی کوریا، امریکہ کی جانب سے معاہدے کی پابندی نہ کرنے اور ڈومور کے مطالبے کو مذاکرات کی ناکامی کا اصلی عامل سمجھتا ہے۔

ٹیگس