Jul ۲۹, ۲۰۲۰ ۱۶:۲۴ Asia/Tehran
  • امریکی اٹارنی جنرل ٹرمپ کا غلام ہے : پلوسی

امریکا میں نسل پرستی کے خلاف ملک گیر تحریک جاری ہے۔ اسی کے ساتھ اطلاعات ہیں کہ سیکورٹی اہلکاروں نے شہر پورٹ لینڈ میں بہت سے مظاہرین کو گرفتار کرلیا۔ اس درمیان امریکی وزیر قانون نے نسل پرستی کے خلاف مظاہرہ کرنے والوں کو بلوائی کہا جس پر امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نے ان پر سخت تنقید کی ہے۔

امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی نے مظاہرین کے ساتھ اس ملک کے اٹارنی جنرل ویلیم بار کے رویے اور امریکی صدر کی چاپلوسی کرنے پر ان پر شدید تنقید کی ہے۔نینسی پلوسی نے ویلیم بار کی جانب سے امریکہ میں نسل پرستی مخالف مظاہرین کی سرکوبی کے لئے فیڈرل پولیس کے استعمال کی حمایت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کا اٹارنی جنرل ٹرمپ کا غلام ہے۔امریکی پارلیمنٹ کی اسپیکر نے یہ بیان ایوان نمائندگان کی جوڈیشل کمیٹی کے اجلاس میں ولیم بار کے بیان کے بعد دیا ہے۔

ولیم بار نے صدرٹرمپ کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایوان نمائندگان کی جیوڈیشل کمیٹی کے جائزہ اجلاس میں امریکہ میں نسل پرستی کے خلاف مظاہرہ کرنے والوں کو بلوائی قراردیا اور ان پر ملک میں افراتفری پھیلانے کا الزام لگایا۔ ولیم بار نے ریاست اوریگن کے شہر پورٹ لینڈ کی عدلیہ کی عمارت کے سامنے ہونے والے مظاہروں کو امریکہ پر حملے اور جارحیت سے تعبیر کیا اور دعوی کیا کہ امریکا میں نسل پرستی کے خلاف ہونے والے احتجاجی مظاہرے افریقی نژاد شہریوں کی جان کے لئے پولیس کے تشدد سے کہیں زیادہ خطرناک ہیں۔

امریکی ایوان نمائندگان کی جیوڈیشل کمیٹی کے سربراہ جیری ناڈلر نے اس ملک کے وزیرقانون کے بیانات کے جواب میں کہا کہ ولیم بار نے سیاسی اہداف کے حصول کے لئے اپنے عہدے کا امریکہ کی تاریخ کے کسی بھی وزیرقانون سے کہیں زیادہ ناجائز استعمال کیا ہے۔ درایں اثنا رائٹرس نیوز ایجنسی نے بدھ کو رپورٹ دی ہے کہ متعدد درخواستوں کے باوجود امریکہ کی داخلی سیکورٹی کی وزارت نے مظاہرین کی سرکوبی کے سلسلے میں کانگریس میں کوئی ایک رپورٹ پیش نہیں کی ہے۔

شہر پورٹ لینڈ میں ٹرمپ کے سیکورٹی اہلکاروں کے ہاتھوں پرامن مظاہروں کو تشدد کا شکار بنائے جانے کے بعد ہی ریپبلکن اراکین کی اکثریت والے سینیٹ اور ڈیموکریٹ کی اکثریت والے ایوان نمائندگان کی انٹیلیجنس کمیٹیوں نے امریکہ کی داخلی سیکورٹی کی وزارت سے اس شہر میں ہونے والے مظاہروں کے بارے میں رپورٹ پیش کرنے کا مطالبہ کیا تھا تاہم اب تک انھیں اس کا کوئی جواب نہیں ملا ہے۔

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ابھی حال ہی میں شہر پورٹ لینڈ کے مظاہرین کو کچلنے کے لئے اس شہرمیں فیڈرل پولیس روانہ کی ہے ۔ایک اور رپورٹ کے مطابق امریکہ کی فیڈرل پولیس نے ریاست اوریگن کے شہر پورٹ لینڈ میں بائیس مظاہرین کو گرفتار کرلیا ہے ۔ شہر پورٹ لینڈ مظاہرین کا ایک اہم مرکز ہے ۔امریکہ کی وزارت قانون کے بیان میں آیا ہے کہ ان افراد پر مظاہروں کے انعقاد میں کردار ادا کرنے کی بنا پر فیڈرل حکومت کی چارج شیٹ کا سامنا کرنا پڑے گا۔

پورٹ لینڈ سمیت امریکہ کے مختلف شہروں میں پچیس مئی دوہزار بیس سے امریکی پولیس کے نسل پرستانہ رویے کے خلاف زبردست مظاہرے ہو رہے ہیں ۔امریکہ کے سفید فام پولیس افسر نے پچیس مئی کو ریاست مینے سوٹا کے شہر مینیا پولیس میں ایک سیاہ فام امریکی شہری جارج فلوئیڈ کو وحشتناک طریقے سے قتل کردیا تھا۔

دنیا بالخصوص عالم اسلام اور علاقے کی اہم خبروں کے لیے ہمارا واٹس ایپ گروپ جوائن کیجئے!

Whatsapp invitation link

9: https://chat.whatsapp.com/FI0EhwfdLa0KpUhbFMXnfM

ٹیگس