کورونا اور طوفان ہی کیا کم تھے، آگ بھی بھڑک اٹھی! ویڈیو
اس وقت امریکی حکومت بیک وقت کورونا وائرس، سمندری طوفان، جنگلات کی آتشزدگی اور ملک گیر نسل پرستی مخالف عوامی تحریک سے روبرو ہے۔
اس وقت دنیا میں عالمی وبا کورونا وائرس کا سب سے بڑا شکار امریکہ ہے۔ اسی بحران کے ساتھ ساتھ اسے حالیہ دنوں میں ایک بھیانک سمندری طوفان آئیسائِیَیس (isaias storm) کا سامنا کرنا پڑا اور ریاست فلوریڈا سمیت امریکہ کے قریب سات کروڑ لوگ طوفان کی زد پر آئے۔
اسکے علاوہ جنوبی کیلیفورنیا کے جنگلات میں گزشتہ جمعے سے قریب چار ہزار ایکڑ کے رقبے میں شدید آگ بھڑکی ہوئی ہے جس پر اب تک قابو نہیں پایا جا سکا ہے۔ موصولہ تصاویر سے بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ آگ اتنی شدید اور وسیع ہے کہ حال فی الحال میں اس پر قابو پا لینا ایک دشوار امر لگ رہا ہے۔ قریب آٹھ ہزار افراد اپنا گھربار چھوڑنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔
اسکے علاوہ امریکی حکومت کو ۲۵ مئی کے بعد سے ملکی سطح پر نسل پرستی اور پولیس کے تشدد پسندانہ اور بہیمانہ رویے کے خلاف عوامی تحریک کا بھی سامنا ہے۔ روزانہ کی بنیادوں پر ملک کے مختلف علاقوں اور شہروں میں پر تشدد مظاہرے ہو رہے ہیں۔