Aug ۰۷, ۲۰۲۰ ۱۰:۴۵ Asia/Tehran
  • چین، ایران کے خلاف ہتھیاروں کی پابندی میں توسیع کا مخالف

چین کی حکومت نے ایک بار پھر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ایران کے خلاف ہتھیاروں کی غیر قانونی پابندی کی مدت بڑھانے کی مخالفت کی ہے۔

چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ ون بین نے ایک پریس بریفنگ میں کہا کہ چین بھرپور طریقے سے ایران جوہری معاہدے اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کی حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیجنگ سلامتی کونسل میں ایران کے خلاف ہتھیاروں کی پابندی کی مدت بڑھانے کیلئے امریکی کوششوں کا مخالف ہے۔

چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ بیجنگ عالمی برادری اور معاہدے کے فریق ممالک کے ساتھ جوہری معاہدے کو جاری رکھنے کی غرض سے تعاون کو تیار ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل چین کی وزارت خارجہ نے ایٹمی سمجھوتے کے تمام فریقوں بالخصوص امریکہ سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ ایرانی عوام کے تعلق سے انسانی حقوق کی پامالی کو روکنے کے لئے تہران کے خلاف یکطرفہ پابندیاں فورا منسوخ کرے۔  ویانا میں عالمی تنظیموں میں چین کے نمائندے وانگ کان نے اپنے ایک بیان میں ایران کے خلاف بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کے بورڈ آف گورنرز کی حالیہ قرارداد پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ قرارداد جوہری معاہدے کے نفاذ کو خطرے میں ڈال دے گی۔

وانگ گان نے امریکہ کو ایران جوہری مسئلے پر تناؤ بڑھانے کا باعث قرار دیا جو یکطرفہ طور پر معاہدے سے دستبردار ہوگیا اور اُس نے ایران کے خلاف پابندیوں کو بحال کر دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس صورتحال کی اصل وجہ امریکہ کا یکطرفہ اقدام ہے جس کا ثبوت عالمی جوہری معاہدے سے یکطرفہ علیحدگی اور ایران کے خلاف زیادہ سے زیادہ دباؤ کی پالیسی پر عمل پیرا ہونا ہے۔

 

ٹیگس