وائٹ ہاؤس کے باہر فائرنگ، ٹرمپ پریس بریفنگ چھوڑ کر چـلے گئے
امریکی صدر کی پریس کانفرنس کے دوران وائٹ ہاؤس کے باہر فائرنگ ہوئی جس کے بعد وائٹ ہاؤس کو سیل کر دیا گیا۔
’خبر‘ ایجنسی کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ میڈیا بریفنگ میں مصروف تھے کہ اس دوران انہیں آگاہ کیا گیا کہ باہر فائرنگ ہوئی ہے جس کے فورا بعد وہ بریفنگ چھوڑ کر چلے گئے۔
تاہم بعد میں ٹرمپ پریس کانفرنس کے لیے دوبارہ آئے اور کہا کہ وہ فائرنگ سے زخمی شخص کو نہیں جانتے نہ اس کے مقصد کے بارے میں علم ہے۔
انہوں نے کہا کہ واقعہ وائٹ ہاؤس کے احاطے کے باہر پیش آیا اور یہ سیکورٹی کی ناکامی نہیں ہے
واقعہ کے بعد وائٹ ہاؤس کو سیل کر دیا گیا۔ سکیورٹی فورسز کی بڑی تعداد وائٹ ہاؤس کے باہر موجود ہے اور خفیہ سروس کی نفری بڑھا دی گئی ہے۔
امریکی خفیہ ایجنسی کے مطابق ایک سیکریٹ ایجنٹ کے ساتھ پینسلوینیا اوینیو پر وائٹ ہاؤس کے ایک بلاک میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس کے بعد ایک شخص کو اسپتال لے جایا گیا ہے۔
ابھی تک اس واقعے کی مزید تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔