Aug ۲۴, ۲۰۲۰ ۱۸:۱۸ Asia/Tehran
  • امریکی پولیس کی نسل پرستی اور تشدد کے خلاف ریاست ویسکانسین میں مظاہرے

امریکی ریاست ویسکانسین میں سیاہ فام امریکی شہری پر پولیس کی فائرنگ کے بعد بڑے پیمانے پر احتجاج شروع ہو گیا ہے۔

رویٹرز کی رپورٹ کے مطابق ریاست ویسکانسین کے شہر کنوشا میں نہتے امریکی شہری پر پولیس اہلکار کی فائرنگ کے بعد بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے شروع ہو گئے ہیں اور کنوشا شہر کی انتظامیہ نے کرفیوحالات کو قابو میں کرنے کے لئے کرفیو لگا دیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق پولیس کی فائرنگ کا نشانہ بننے والے اس سیاہ فام شہری کو شدید زخم آئے ہیں اور اس کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔

ریاست ویسکانسین کے گورنر ٹونی اورس نے ایک ٹوئٹ میں سیاہ فام امریکی شہری کا نام یاکوب بلیک بتایا ہے اور لکھا ہے کہ ہم حد سے زیادہ طاقت کے استعمال کے مخالف ہیں۔ پولیس نے اس سیاہ فام امریکی شہری پر فائرنگ کی وجوہات کی تفصیلات نہیں بتائی ہیں۔

سوشل میڈیا پر آنے والے ویڈیو سے پتہ چلتا ہے کہ سیاہ فام شہری ایک گاڑی کی طرف جا رہا تھا کہ دو پولیس اہلکاروں نے اس کا پیچھا کیا اور ایک پولیس اہلکار نے اس پر فائرنگ شروع کر دی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق حالیہ مہینوں میں امریکہ کے مختلف شہروں میں تشدد اور فائرنگ کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ تشدد اور فائرنگ کے سب سے زیادہ واقعات معمولا شیکاگو اور نیویارک میں پیش آتے ہیں۔

ٹیگس