Aug ۳۱, ۲۰۲۰ ۱۸:۵۱ Asia/Tehran
  • ٹرمپ کنوشا سٹی کا دورہ نہ کریں، وسکانسن ریاست کے گورنر کا مشورہ

امریکی ریاست وسکانسن میں نسل پرستی کے خلاف جاری مظاہروں میں شدت کے بعد گورنر ٹونی ایورز نے صدر ٹرمپ سے درخواست کی ہے کہ وہ زیادہ بدامنی والے شہر کنوشا کا دورہ منسوخ کر دیں۔

وائٹ ہاؤس کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ منگل یکم ستمبر کو ریاست وسکانسن کے شہر کنوشا کا دورہ کریں گے۔

ٹرمپ کے دورے کے اعلان کے بعد سے کنوشا کے عوام میں شدید غم و غصہ پیدا ہو گیا ہے جہاں پہلے ہی پولیس کے ہاتھوں سیاہ فام شخص کے قتل کے بعد سے سخت کشیدگی پائی جاتی ہے۔

امریکی پولیس نے تئیس اگست کو کنوشا سٹی میں جیکب بلیک نامی ایک شخص کو اس کے کم سن بچوں کے سامنے گولیاں مار دی تھیں۔ امریکہ کے دیگر شہروں میں بھی حالیہ ہفتوں کے دوران پولیس کے نسل پرستانہ رویئے اور سیاہ فاموں کے قتل عام کے خلاف مظاہرے کیے جا رہے ہیں۔

امریکہ میں نسل پرستی کے خلاف تحریک پچیس مئی کو اس وقت شروع ہوئی تھی جب ایک سفید فام پولیس افسر نے ریاست منے سوٹا کے شہر منیاپولیس میں ایک سیاہ فام شہری کو گھٹنے سے گردن دبا کر قتل کردیا تھا۔

اس ہولناک واقعے کا ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد امریکی عوام میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی تھی اور ملک گیر مظاہرے شروع ہوئے تھے جو تاحال جاری ہیں۔ صدر ٹرمپ نے پولیس اور سیکورٹی اداروں کو نسل پرستی کے خلاف جاری مظاہروں کو سختی سے دبانے کا حکم دیا ہے۔ پچھلے چند ہفتوں کے دوران امریکہ میں ہونے والے مظاہروں کے دوران ہزاروں افراد زخمی اور گرفتار کیے جا چکے ہیں۔

ٹیگس