ٹرمپ اپنی نازیبا حرکتوں کو عام کرنے والے صحافی کو نکلوانے پر تلے
ڈونلڈ ٹرمپ کے کرتوتوں سے پردہ اٹھانے والے فاکس نیوز کے نامہ نگار کو امریکی صدر نے چینل سے نکالنے کا مطالبہ کیا ہے۔
روزنامہ گارڈیئن کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹوئیٹ کرتے ہوئے لکھا؛ فاکس نیوز کے نامہ نگار جینیفر گریفین کو کہ جس نے امریکی فوجیوں کے بارے میں انکی کہی بعض باتوں کو برملا کیا ہے، نکال باہر کیا جائے۔ ٹرمپ نے مزید لکھا کہ فاکس نیوز بھی ہاتھ سے نکل گیا ہے۔
جینیفر گریفین نے بھی ایک ٹوئیٹ کرتے ہوئے اس بات کی تائید کی ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے ملکی فوجیوں کو احمق قرار دیا ہے۔ جینیفر کے مطابق ٹرمپ پیرس کے مضافات میں واقع امریکی فوجیوں کے قبرستان میں جاکر ادائے احترام کرنے سے گریز کر رہے تھے۔
ایٹلانٹک جریدے نے دو ستمبر کو اپنی ایک رپورٹ میں لکھا تھا کہ نومبر دو ہزار اٹھارہ میں فرانس کے مضافاتی علاقے میں واقع امریکی فوجیوں کے قبرستان کا دورہ ملتوی ہو جانے کے بعد ٹرمپ نے پہلی جنگ عظیم کے دوران پیرس کے دفاع میں اپنی جان دینے والے امریکی فوجیوں کی توہین کی۔
رپورٹ کے مطابق ٹرمپ نے کہا تھا کہ یہ قبرستان شکست خوردہ لوگوں سے بھرا پڑا ہے۔ یہ رپورٹ منظر عام پر آنے کے بعد امریکی صدر نے اسکی تردید کی ہے۔