جاپان کے وزیر اعظم شنزو آبے کی کابینہ بھی مستعفی
مستعفی ہونے والے جاپان کے وزیر اعظم کی کابینہ نے بھی آج بدھ کے روز استعفیٰ دے دیا۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق صحت کی خرابی کے سبب اپنا عہدہ چھوڑنے والے جاپان کے وزیر اعظم شنزو آبے کی کابینہ نے بھی آج بدھ کے روز استعفیٰ دے دیا۔ اس کے ساتھ ہی شنزو آبے کا تقریبا آٹھ سالہ حکمرانی کا دور بھی اپنے اختتام کو پہنچا۔
اس موقع پر وزیر اعظم کے دفتر میں شنزو آبے نے کہا اقتدار میں رہتے ہوئے میں نے ہر روز ملک کی معیشت کو دوبارہ پٹری پر لانے کی کوشش کی اور جاپان کے مفادات کے تحفظ کے لئے ہر ممکن سفارتی اقدامات کیے ۔
قابل ذکر ہے کہ جاپان کی حکمران لبرل ڈیموکریٹک پارٹی (ایل ڈی پی) کے نئے رہنما یوشی ہیڈے سوگا آج جاپان کے نئے وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالنے کے لئے تیار ہیں۔ یوشی ہیڈے سوگا کے لئے ملکی معیشت کو دوبارہ پٹری پر ڈالنا ایک بڑا چیلنج ہوگا۔
کورونا وائرس کے سبب جاپان کی معیشت خراب ہے اور تاریخی اعتبار سے کمترین سطح پر پہنچ چکی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ شنزو آبے نے 28 اگست کو صحت کی وجوہات کی بنا پر اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ اس سے قبل وہ 2007 میں بھی صحت کی خرابی کی بنا پر وہ استعفیٰ دے چکے تھے۔ اس کے بعد 2012 کے انتخابات میں شنزو آبے بھاری اکثریت سے دوبارہ کامیاب ہوئے تھے۔
شنزو آبے کی میعاد ستمبر 2021 میں ختم ہونا تھی۔