ٹرمپ کورونا وائرس منتقل کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں، وہائٹ ہاؤس کا دعوی
امریکہ کے صحت کے حکام کے انتباہ کے باوجود وہائٹ ہاؤس نے دعوی کیا ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ اس پوزیشن میں نہیں ہیں کہ وہ کورونا وائرس منتقل کریں۔
وہائٹ ہاؤس کے ڈاکٹر شان کانلی نے اعلان کیا ہے کہ ٹرمپ کے کورونا ٹیسٹ سے پتہ چلتا ہے کہ ان سے کسی کو کورونا وائرس منتقل نہیں ہو گا۔تاہم اس ڈاکٹر نے یہ نہیں بتایا کہ ٹرمپ کا کورونا ٹیسٹ منفی آیا تھا یا مثبت ۔ یہ ایسی حالت میں ہے کہ سی این این کے سروے نتائج سے اس بات کی نشاندہی ہوتی ہے کہ امریکہ کے تریسٹھ فیصد شہریوں کا خیال ہے کہ ٹرمپ نے کورونا میں مبتلا ہونے کے بعد احتیاط سے کام نہیں لیا اور غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا ہے۔
ان نتائج سے اس بات کا بھی پتہ چلتا ہے کہ کورونا وائرس کو کنٹرول کرنے کے سلسلے میں امریکی عوام ٹرمپ حکومت پر ہرگز کوئی بھروسہ نہیں کرتے۔ سرکاری اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ امریکہ میں اب تک اٹھہتر لاکھ نوے ہزار چار سو اٹھہتر افراد کورونا میں مبتلا ہو چکے ہیں جن میں سے دو لاکھ اٹھارہ ہزار چھے سو بیالیس جان کی بازی ہار چکے ہیں۔