Nov ۱۶, ۲۰۲۰ ۱۸:۳۷ Asia/Tehran
  • امریکہ میں سیاسی اکھاڑا جاری، ٹرمپ بدستور اپنے دعوے پر قائم

امریکی صدر ٹرمپ نے ایک بار پھر دھاندلی کر کے امریکی آئین کی بری طرح سے خلاف ورزی کئے جانے کا دعوا کیا ہے۔

امریکی صدارتی انتخابات میں دھاندلی کے بارے میں ٹرمپ کے ٹوئیٹس کا سلسلہ جاری ہے۔ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ دھاندلی کے ذریعے ان کی کامیابی کو روکنے کی کوشش کی گئی ہے۔

امریکی صدر نے اپنے تازہ ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ صدارتی الیکشن میں امریکی آئین کی اس طرح خلاف ورزی کی گئی ہے کہ جس کی اس سے پہلے کوئی مثال تک نہیں ملتی۔ ٹرمپ نے اسی طرح اپنے ایک اور ٹوئٹ میں امریکی ذرائع ابلاغ کو نشانہ بناتے ہوئے لکھا ہے کہ امریکی ذرائع ابلاغ یہ ظاہر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ امریکہ کے آئندہ صدر جوبائیڈن ہوں گے جبکہ وہ اقتدار منتقل نہیں کر رہے ہیں اس لئے کہ ابھی طویل راستہ درپیش ہے۔

امریکہ کے موجودہ صدر نے کہا ہے کہ امریکی آئین کی حفاظت کرنے والوں کو اس بات کی اجازت نہیں دینا چاہئے کہ انتخابات کے جعلی نتائج کو تسلیم کیا جائے۔

ٹرمپ کے وکیل روڈی جولیانی نے بھی فاکس نیوز ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے دعوی کیا ہے کہ بیشتر ریاستوں میں ووٹوں میں الٹ پھیر کر کے صدارتی انتخابات کے نتائج کو تبدیل کئے جانے کے کافی شواہد موجود ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ریاست پینسلوانیا میں نتائج تبدیل کرنے کے لئے چھے ہزار سے زائد غیر قانونی ووٹ ڈالے گئے ہیں۔

ٹرمپ کے وکیل نے اسی طرح یہ بھی کہا کہ امریکہ کے صدارتی انتخابات میں ہونے والی دھاندلی کے شواہد کا مشاہدہ کر کے امریکی صدر ٹرمپ میں شدید برہمی پائی جاتی ہے اور انہوں نے اپنی شکایات واپس نہیں لی ہیں۔

دوسری جانب امریکہ کی نو منتخب نائب صدر کملا ہیرس نے نومبر دو ہزار بیس کے امریکہ کے صدارتی انتخابات کے نتائج کو قبول نہ کرنے پر صدر ٹرمپ اور ان کی پارٹی پر کڑی تنقید کی ہے۔

امریکہ کے سابق صدر بارک اوباما نے بھی سی بی ایس ٹی وی چینل سے گفتگو میں صدارتی الیکشن کے نتائج کے بارے میں کہا ہے کہ ہر امیداو کو سات کروڑ سے زائد ووٹ ملنا ملک میں گہرے اختلافات جاری رہنے کا آئینہ دار ہے۔ انہوں نے امریکہ کے موجودہ صدر اور ریپبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ٹرمپ کے بے بنیاد دعؤوں کی مخالفت نہ کئے جانے کو مایوس کن قرار دیا ہے۔

امریکہ کے بیشتر امریکی ذرائع ابلاغ منجملہ فاکس نیوز نے کہ جس کو ٹرمپ کی حمایت بھی حاصل رہی ہے، جوبائیڈن کو انتخابات میں ٹرمپ سے آگے  اور ملک کا نو منتخب صدر قرار دیا ہے۔

صدارتی انتخابات کے نتائج میں ٹرمپ کے حریف جوبائیڈن کی کامیابی کے اعلان کے باوجود امریکہ کے موجودہ صدر ٹرمپ نے انتخابات کے نتائج کو اب تک تسلیم نہیں کیا ہے۔ ان کا دعوا ہے کہ صدارتی انتخابات میں دھاندلی ہوئی ہے اور ووٹوں میں الٹ پھیر کر کے جوبائیڈن کو فاتح قرار دینے کی کوشش کی گئی ہے۔

ٹیگس