جوبائیڈن کو پنٹاگون تک رسائی مل گئی
امریکہ کے نومنتخب صدر جو بائیڈن کے لیے پنٹاگون کی خفیہ اطلاعات تک رسائی کا عمل آج سے شروع ہو جائے گا۔
سی این این نے وزارت جنگ کے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ جو بائیڈن کی انتقال اقتدار ٹیم مقامی وقت کے مطابق پیر کی صبح سے پنٹاگون کی انٹیلی جینس ایجنسیوں کی خفیہ اطلاعات تک رسائی حاصل کر لے گی۔
علاوہ ازیں جو بائیڈن کی ٹیم کے ارکان پیر اور منگل کو ملک کی وزارت جنگ کے ارکان سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ امریکہ کے موجودہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے منتخب صدر جو بائیڈن کے ساتھ سیکورٹی اور انٹیلی جینس اطلاعات کے تبادلے کے بارے میں بھرپور کشمکش کے بعد آخر کار نومبر کے اختتام پر انٹیلی جینس معلومات کے جزوی تبادلے کی منظوری دے دی تھی۔
دوسری جانب وائٹ ہاوس نے اشارتا اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ حالیہ صدارتی انتخابات میں ناکام ہو چکے ہیں۔ امریکی میڈیا رپورٹوں کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے برخلاف وائٹ ہاوس کی ترجمان کیلی مک انانی نے کہا ہے کہ ٹرمپ انتخابات میں شکست کھا چکے ہیں۔
امریکہ میں صدارتی انتخابات تین نومبر کو کرائے گئے تھے۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق ڈیموکریٹ پارٹی کے امیدوار جو بائیڈن تین سو چھے الیکٹورل ووٹ حاصل کے انتخابات میں کامیاب رہے تاہم صدر ٹرمپ نے اپنی شکست تاحال تسلیم نہیں کی ہے۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ حالیہ صدارتی انتخابات میں بڑے پیمانے پر دھاندلی کے مسلسل دعوے کر رہے ہیں تاہم وہ اپنے دعوے کے حق میں چنداں ثبوت اور شواہد پیش کرنے میں ناکام رہے بھی ہیں۔ مختلف ریاستوں میں صدر ٹرمپ اور ان کی ٹیم کی جانب سے دائر کی جانے والی انتخابی عذرداریاں مسترد کی جا چکی ہیں جبکہ بعض دوسری ریاستوں میں لازمی شواہد پیش نہ کیے جانے کی بنا پر ان کی دائر کردہ شکایات کا کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہو سکا ہے۔