Dec ۱۵, ۲۰۲۰ ۰۸:۰۴ Asia/Tehran
  • ٹرمپ کی امیدوں پر پانی پھر گیا

جوبائیڈن باضابطہ طور پر امریکہ کے صدر منتخب کر لئے گئے ہیں۔

تسنیم نیوز کے مطابق گزشتہ روز الیکٹورل کالجز کی ہونے والی ووٹنگ میں امریکہ کے موجودہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حریف جوبائیڈن نے تین سو چھے الیکٹورل ووٹ حاصل کئے جبکہ خود ٹرمپ کو کل دوسو بتیس ووٹ ہی مل سکے۔

ووٹنگ میں امریکہ کی پچاس ریاستوں اور کلمبیا میں باضابطہ طور پر صدر کے انتخاب کے لئے ووٹنگ ہوئی جس میں وہی نتیجہ برآمد ہوا جو اس سے قبل امریکی ذرائع ابلاغ اعلان کر چکے تھے۔

گزشتہ روز ہونے والی الیکٹورل کالجز کی باضابطہ ووٹنگ، انتخابات میں کامیابی کے لئے ڈونلڈ ٹرمپ کی آخری امید تصور کی جا رہی تھی اور وہ بھی خاک میں مل گئی۔ امریکہ میں عہدہ صدارت تک پہنچنے کے لئے کسی بھی صدارتی امیدوار کو کم از کم دوسو ستر الیکٹورل ووٹ درکار ہوتے ہیں۔الیکٹورل کالجز کی ووٹنگ کا آغاز گزشتہ روز امریکہ کے مقامی وقت کے مطابق صبح دس بجے ریاست ورمونٹ سے ہوا۔اس درمیان الیکٹورل کالجز کی باضابطہ ووٹنگ کے کچھ ہی دیر بعد امریکی صدر ٹرمپ نے اٹارنی جنرل ویلیم بار کے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا۔

خیال رہے کہ ویلیم بار نے حال ہی میں یہ کہا تھا کہ انتخابات میں دھاندلی پر مبنی صدر ٹرمپ کی جانب سے کئے جانے والے دعووں کی تائید میں انہیں کوئی ثبوت نہیں ملے۔ ان کے اس بیان سے ڈونلڈ ٹرمپ خاصے چراغ پا ہوئے تھے۔ ٹرمپ نے اب تک اپنی شکست کو تسلیم نہیں کیا اور وہ بدستور دھاندلی کے الزامات کا اعادہ کر رہے ہیں۔

ٹیگس