Dec ۲۱, ۲۰۲۰ ۱۲:۴۹ Asia/Tehran
  • بوکو حرام نے مزید 35 افراد کو اغوا کرلیا

بوکو حرام نے اپنے ایک تازہ دہشت گردانہ حملے میں پانچ فوجیوں کو ہلاک کرنے کے ساتھ ہی 35 افراد کو اغوا کر لیا ہے۔

مقامی ذرائع نے خبر دی ہے کہ بوکو حرام سے وابستہ دہشت گردوں نے بورنو صوبے میں پانچ سرکاری اہلکاروں کو ہلاک کرنے کے بعد 35 افراد کو اغوا کر لیا ہے۔

ایک ایسے وقت جب نائجیریا کی فوج بوکوحرام کے ہاتھوں اغوا کئے گئے بچوں کی آزادی کے لئے کوشاں ہے، میڈیا نے مزید 35 افراد کے اغوا کی خبر دی ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ دہشت گردوں نے فوجی کانوائے پر آرپی جی سے حملہ کیا جو ایک گاڑی پر آکر لگا جس کے نتیجے میں اس پر سوار پانچ جوان مارے گئے۔ اس حملے میں چند دوسرے سپاہیوں کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔

بورنو میں ہونے والے دہشت گردی کے اس واقعے میں بوکوحرام کے مسلح دہشت گرد 35 افراد کو پکڑ کر اپنے ساتھ لے گئے۔

اقوام متحدہ سے وابستہ امدادی ٹیم کا کہنا ہے حالیہ ایک عشرے کے دوران بوکوحرام سے وابستہ دہشت گرد عناصر کے ہاتھوں اب 30000 افراد مارے جا چکے ہیں جبکہ 30 لاکھ کے قریب لوگوں کو اپنا گھربار چھوڑنا پڑا ہے۔

بوکوحرام کو داعش کا افریقی ورژن سمجھا جاتا ہے کہ جس کو سعودی عرب جیسے ملک اور انتہاپسند تنظیموں کی پشتپناہی حاصل رہی ہے۔

ٹیگس