Dec ۲۳, ۲۰۲۰ ۱۸:۲۴ Asia/Tehran
  • یورپ، کورونا مہلوکین کی تعداد پانچ لاکھ سے تجاوز کرگئی

ایسے عالم میں کہ جب برطانیہ میں کورونا کے پھیلاؤ پر سخت تشویش پیدا ہوگئی ہے، یورپ میں کورونا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد پانچ لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔

رائٹرز کے مطابق یورپ میں کورونا وائرس کا شکار ہو کر اپنی جان سے ہاتھ دھونے والوں کی تعداد پانچ لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔

برطانوی کورونا کے نام سے پہچانے جانے والے اس وائرس کی نئی قسم کا مقابلہ کرنے کے لئے انجام پانے والے اقدامات اب تک لاحاصل بتائے گئے ہیں۔ رائٹرز کے اعداد و شمار کے مطابق پوری دنیا میں کورونا وائرس میں مبتلاء ہونے والوں کی تعداد تقریبا سات کروڑ پچھتر لاکھ تک پہنچ گئی ہے اور اس وائرس کا شکار ہو کر ہلاک ہونے والوں کی تعداد سترہ لاکھ دس ہزار سے زائد ہو چکی ہے۔

اسی کے ساتھ موصولہ رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ لندن کے باشندے بغیر سمجھوتے کے بریگزٹ کے باعث غذائی اشیاء کی شدید قلت اور کورونا کی وجہ سے نافذ پابندیوں نیز سرحدوں کے بند ہوجانے کے سبب خوف و وحشت میں مبتلاء ہو گئے ہیں۔ رپورٹوں کے مطابق لندن کے مالز اور بڑی سپر مارکیٹوں میں گزشتہ کئی دن کے دوران لمبی لمبی قطاریں دیکھی گئی ہیں۔

بلومبرگ نیوز سائٹ نے دنیا کے ممالک کی جانب سے برطانیہ کے لئے اپنی سرحدیں بند کر دینے سے اس ملک میں پھل اور سبزیوں کی کمی ہو جانے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق نقل و حمل کی بندش اور تجارتی مسائل میں برطانیہ و یورپ کے درمیان مذاکرات میں ناکامی کے باعث ضرورت کی غذائی اشیاء کا انتظام دشوار ہو گیا ہے۔

برطانیہ میں نئے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے بعد سے دنیا کے بہت سے ممالک نے اس ملک کی جانب اپنی سرحدیں بند کر دی ہیں ۔

 

ٹیگس