ایک اور سیاہ فام نسلی امتیاز کا شکار، پولیس کی فائرنگ سے ہلاک
امریکا میں ایک پولیس اہلکار نے ایک اور سیاہ فام شہری کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔
فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق امریکی پولیس نے اپنے نسلی تشدد کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ایک 47 سالہ سیاہ فام کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا۔
سوشل میڈیا پر جاری ہونے والے ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ امریکی پولیس اہلکار نے اوہایو ریاست کے کولمبس شہر میں ایک نہتھے سیاہ فام شہری کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مذکورہ سیاہ فام شہری کے پاس کوئی ہتھیار نہیں تھا جس کو پولیس نے روکا اور کچھ سیکنڈ کے بعد گولی مار کر ہلاک کر دیا۔
رشا ٹو ڈے نے پولیس کی وردی پر لگے کیمرے سے بننے والی ویڈیو کو اپنی سائٹ پر جاری کیا جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ 44 سالہ امریکی پولیس اہلکار ایڈم کوی اور اس کے ایک ساتھی کو ایک فون آتا ہے کہ آبادی والے علاقے میں ایک شخص عجیب و غریب حرکت کر رہا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ دونوں پولیس اہلکار جیسے ہی جائے وقوعہ پر پہنچتے ہیں ویسے ہی ان کا سامنا 47 سالہ سیاہ فام شہری سے ہوا جو گیرج کے باہر کھڑا تھا۔
آنڈری ہیل کے ہاتھ میں اس کا موبائیل تھا اور وہ پولیس اہلکاروں کی جانب بڑھ رہا تھا کہ تبھی کوی نے اپنی بندوق نکال کر اس پر فائرنگ کر دی جس سے اس کی موت واقع ہوگئی۔