برطانوی وزیر اعظم نے ہندوستان کا دورہ منسوخ کر دیا، یوم جمہوریہ کے مہمان خصوصی تھے!
Jan ۰۵, ۲۰۲۱ ۲۲:۲۴ Asia/Tehran
برطانیہ کے وزیر اعظم بورس جانسن نے اپنا مجوزہ دورۂ ہندوستان منسوخ کر دیا ہے جس کے دوران وہ ہندوستان کے یوم جمہوریہ کے مرکزی جشن کے مہمان خصوصی بننے والے تھے۔
دس ڈاؤننگ اسٹریٹ کے ایک ترجمان نے کہا کہ وزیر اعظم جانسن نے اپنے ہندوستانی ہم منصب نریندر مودی سے ٹیلی فون پر گفتگو کی اور انہیں بتایا کہ وہ رواں مہینے کے آخر میں اس ملک کا دورہ نہیں کر پائيں گے۔
ہندوستان نے اپنے یوم جمہوریہ کے لیے بورس جانسن کو مہمان خصوصی کے طور پر مدعو کیا تھا لیکن بورس جانسن کا کہنا ہے ان کے ملک میں کورونا وائرس کا نیا اسٹرین پھیلنے کے سبب لاک ڈاؤن لگا دیا گيا ہے اور ان کے لیے برطانیہ میں رہنا ضروری ہے تاکہ وہ اس وائرس کو روکنے کے کام پر توجہ مرکوز کر سکیں۔
انہوں نے ہندوستان کا دورہ منسوخ کرنے پر افسوس ظاہر کیا ہے۔