Feb ۰۱, ۲۰۲۱ ۱۸:۲۹ Asia/Tehran
  • برطانیہ کو حکومت چین کا انتباہ

حکومت چین نے برطانیہ کو خبردار کیا ہے کہ وہ متحدہ چین کے اصول کی پابندی کرے۔

چین کی حکومتی کونسل میں ہانگ کانگ اور ماکاؤ کے امور سے متعلق ترجمان نے پیر کو برطانوی پاسپورٹ کے لئے ہانگ کانگ  کے شہریوں کی درخواستوں کو قبول کرنے کے برطانوی حکومت کے اقدام کی مذمت کرتے ہوئے اسے چین کے اقتدار اعلی کی کھلی خلاف ورزی قراردیا۔

 برطانوی حکومت نے ہانگ کانگ کے باشندوں کے لئے "بیرون ملک مقیم برطانوی شہری" کے طور پر اتوار کے روز آن لائن ویزا کی نئی درخواستوں کو قبول کرنا شروع کیا ہے۔

 چینی عہدیدار نے کہا کہ برطانوی اقدام بیجنگ اور لندن کے مشترکہ اعلامیے کی خلاف ورزی کے مترادف ہے۔

یہ ایسی حالت میں ہے کہ گذشتہ سال، چینی پارلیمنٹ نے ہانگ کانگ  کی قومی سلامتی کا بل منظور کیا تھا جو قانون بن گیا ہے  اوراس میں علیحدگی پسندوں، دہشت گردانہ کارروائیوں کی منصوبہ بندی کرنے والوں اور ہانگ کانگ کے امور میں مداخلت کرنے والوں کو نشانہ بنایا گیا-  برطانیہ اور امریکہ ہانگ کانگ کے علاقے کے اندرونی معاملات میں مداخلت کرکے اس قانون کو روکنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ہانگ کانگ اٹھارہ سو بیالیس سے انیس سو ستانوے تک برطانیہ کے زیرتسلط رہا ہے تاہم انیس سو ستانوے میں چین سے ملحق ہوگیا۔

ٹیگس