بائیڈن کی پالیسیوں پر سابق امریکی عہدے دار کی نکتہ چینی
امریکہ کے ایک سابق عہدے دار نے خبردار کیا ہے کہ ایمیگریشن کے حوالے سے نو منتخب صدر جوبائیڈن کی نئی پالیسیاں ملک کے سرحدی علاقوں کو بحرانی صورتحال سے دوچار کر دیں گی۔
فاکس نیوز کے مطابق ٹرمپ حکومت کے ہوم لینڈ سکیورٹی کے ایک اعلیٰ عہدے دار چاڈ وولف نے دعویٰ کیا ہے کہ جوبائیڈن کی نئی ایمیگریشن پالسیوں سے کورونا وائرس اور اقتصادی بحرانوں کے ساتھ ساتھ ایک اور بحران ملک میں کھڑا ہو جائے گا جس سے امریکہ کے سرحدی علاقوں کو روبرو ہونا پڑ سکتا ہے۔
ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی دعوا کیا کہ بائیڈن نے اپنی صدارت کے پہلے روز جو فرامین جاری کئے ہیں، اُس سے جنوب مغربی امریکہ میں مشکلات کھڑی ہو جائیں گی اور پھر ملک سے غیر قانونی مہاجرین کو ملک سے نکالنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔
چاد وولف نے اظہار تشویش کیا کہ امریکہ آنے والے غیر ملکی تارکین وطن کے سلسلے میں بائیڈن کی نئی پالیسیوں سے، ایسے حالات میں کہ جب لاکھوں امریکی بے روزگار ہو چکے ہیں، لاکھوں مہاجرین کے لئے روزگار کے مواقع فراہم ہو جائیں گے۔
خیال رہے کہ جوبائیڈن نے عہدہ صدارت سنبھالنے کے بعد پہلے ہی دن ڈونلڈ ٹرمپ کے جاری کردہ فرامین کو کالعدم قرار دیتے ہوئے سترہ ایگزیکیٹیو آڈرز پر دستخط کئے تھے۔