کورونا کا پھیلاؤ کم ہورہا ہے لیکن اب بھی طویل سفر باقی ہے: ڈبلیو ایچ او
کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے ہر چند کہ ویکسین لگانے کا عمل شروع ہو چکا ہے تاہم اب بھی کورونا کا خوف پوری دنیا پر طاری ہے۔
اسپوتنک کی رپورٹ کے مطابق عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے عالمی وبا کورونا وائرس کے حوالے سے کہا کہ دنیا میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ آہستہ آہستہ کم ہورہا ہے لیکن اب بھی بہت طویل سفر طے کرنا باقی ہے۔
عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس گیبریئس نے میونخ سیکیورٹی کانفرنس (ایم ایس سی) میں کہا کہ ہم کورونا کے خلاف جنگ میں آہستہ آہستہ آگے بڑھ رہے ہیں اور اس وبا سے ہونے والے کیسزاور ہلاکتوں میں کمی آرہی ہے اور اب ہمارے پاس طاقتور طریقے ہیں جس کا ہم ایک سال پہلے تک تصور بھی نہیں کرسکتے تھے۔
ادارہ صحت کے ڈائریکٹر نے زور دے کر کہا کہ تمام ممالک کی حکومتوں کو اس وبا کے خلاف متحد ہونا ہوگا اور اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ تمام ممالک کو کورونا ویکسین ملے جو اس وبا کو ختم کرنے اور جان بچانے کا بہترین طریقہ ہے۔
واضح رہے کہ دنیا بھر میں کورونا سے کروڑوں افراد متاثر ہوئے ہیں اور سب سے زیادہ ہلاکتیں امریکہ میں ہوئی ہیں۔