Mar ۰۹, ۲۰۲۱ ۱۹:۲۴ Asia/Tehran
  • کانگریس پر پھر حملے کا خطرہ

امریکہ کے سیکورٹی اداروں نے حالیہ واقعات کے تناظر میں ایک بار پھر کانگریس اور اس کے ارد گرد کے علاقوں میں حفاظتی انتظامات مزید سخت کرنے کی سفارش کی ہے۔

 سیکورٹی کے حوالے سے جاری ہونے والی تازہ رپورٹ میں سفارش کی گئی ہے کہ دارالحکومت واشنگٹن میں کانگریس سمیت تمام سرکاری عمارتوں کی حفاظت مزید سخت کردی جائے اور کسی بھی طرح کے ناخوشگوار واقعات سے نمٹنے کے لیے پولیس اور اضافی سیکورٹی دستوں کی توانائیوں میں اضافہ کیا جائے۔

پندرہ صفحات پر مشتمل اس رپورٹ میں یہ تجویز بھی پیش کی گئی ہے کہ کانگریس کے محکمہ سیکورٹی کو اس بات کا اختیار دیا جائے کہ وہ ہنگامی صورتحال میں حکام بالا کی اجازت کے بغیر نیشنل گارڈ کے دستوں کو طلب کرسکے۔کانگریس کے محکمہ سیکورٹی نے ممکنہ حملوں کے پیش نظر کانگریس کی عمارت کے باہر نیشنل گارڈ کے پانچ ہزار سے زائد اہلکاروں کو تعنیات کرنے کی درخواست کی ہے اور پینٹاگون اس درخواست کا جائزہ لے رہا ہے۔

اس سے پہلے کانگریس کے محکمہ سیکورٹی کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا تھا کہ موصولہ اطلاعات سے پتہ چلتا ہے کہ ایک مسلح گروپ نے کانگریس کی عمارت میں گھسنے کا منصوبہ بنایا تھا۔بعد ازاں امریکی خفیہ اداروں نے کہا تھا کہ قیاس کیا جاتا ہے کہ کانگریس کی عمارت میں گھسنے کا منصوبہ کیو انان نامی گروپ نے بنایا ہے۔

دوسری جانب امریکی ایوان نمائندگان میں اقلیتی دھڑے کے سربراہ کیون مک کارٹی نے کانگریس کے قلعہ بند حفاظتی انتظامات کا مطالبہ کیا ہے۔کیون مک کارٹی نے ایوان نمائندگان کی سربراہ نینسی پیلوسی پر تنقید کرتے ہوئے ایک ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ کانگریس کو فوجی قلعے میں تبدیل کرنے کے لیے نینسی پیلوسی کے ساتھ کسی حتمی نتیجے پر پہنچنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

اس سے پہلے ایف بی آئی کے سربراہ کرسٹوفر رائے نے چھے جنوری کو کانگریس کی عمارت پر حملے کو ملکی دہشت گردی قرار دیتے ہوئے اس میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کا عندیہ دیا تھا۔چھے جنوری کی شورش اس وقت ہوئی تھی جب کانگریس میں صدارتی الیکشن کے نتائج اور بائیڈن کی جیت کی تصدیق کے لیے آئینی اجلاس جاری تھا اور سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ اس وقت تک انتخابات میں اپنی شکست تسلیم کرنے کو آمادہ نہیں تھے اور اپنے حامیوں کو مسلسل شورش پر اکسا رہے تھے۔کہا جارہا ہے کہ سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر جاری کردہ پیغامات کے ذریعے اپنے حامیوں کو کانگریس کی عمارت پر حملے کی ترغیب دلائی تھی جس کے نتیجے میں چھے افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے تھے۔

ٹیگس