سفید فام سفاک امریکی پولیس افسر کے ہاتھوں جارج فلوئیڈ کے قتل کا مقدمہ
امریکہ میں منیاپولس کی سٹی کونسل کی جانب سے مقتول جارج فلویڈ کے ورثا کے لئے 2 کروڑ سے زيادہ ہرجانہ دینے کا اعلان ہوا ہے۔
امریکی ریاست مینی سوٹا کے شہر منیاپولس میں سیاہ فام امریکی جارج فلوئیڈ کی ایک سفاک پولیس افسر کے ہاتھوں قتل کئے جانے کے تقریباً ایک سال بعد ورثا کو 2 کروڑ 70 لاکھ ڈالر ہرجانے کے طور پر دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق مقامی سٹی کونسل نے اس ریکارڈ معاوضے کو متفقہ طور پر منظور کیا ہے۔ گزشتہ برس 25 مئی کو جارج فلوئیڈ کی ایک سفید فام پولیس اہل کار کے ہاتھوں درد ناک قتل کے بعد اس کے اہلخانہ نے شہری انتظامیہ اور اس کارروائی میں ملوث 4 پولیس افسران کے خلاف مقدمہ درج کروایا تھا۔
میڈیا کے مطابق سیاہ فام شہری جارج فلوئیڈ کے اہل خانہ اور منیاپولس شہر کی انتظامیہ کے مابین تصفیہ ہوا ہے۔ قتل میں نامزد پولیس کے سابق افسر کے ٹرائل کے لیے جیوری تشکیل دی جا رہی ہے جس میں 29 مارچ سے شروع ہونے والی سماعت کے لیے 12 میں سے 6 ججوں کا انتخاب کرلیا گیا ہے۔
جارج کے اہلخانہ کے وکلا کا کہنا تھا کہ انتہائی غلط موت کے کیس میں سب سے بڑا پری ٹرائل تصفیہ ہمیشہ سیاہ فاموں کو ایک طاقتور پیغام دے گا کہ سیاہ فاموں کی زندگیاں بھی معنی رکھتی ہیں، اس لیے نسلی بنیاد پر لوگوں کے خلاف پولیس کا ظلم ختم ہونا چاہیے۔