Mar ۲۷, ۲۰۲۱ ۱۷:۳۹ Asia/Tehran
  • نہر سوئز اس ہفتے بھی بند رہے گی

دیوہیکل بحری جہاز کے پھنس جانے کے باعث بند ہونے والی بین الاقوامی آبی گزرگاہ نہر سوئز کھولنے کی کوشش تاحال بار آور ثابت نہیں ہوسکیں ہیں۔

مصری حکام کا کہنا ہے کہ نہر سوئز میں پھنسے دیو ہیکل بحری جہاز کو باہر نکالنے کی کوشش بدستور جاری ہے اور توقع ہے کہ رواں ہفتے کے اختتام تک یہ آپریشن مکمل ہوجائے گا۔

خبروں میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ ہفتے منگل سے مذکورہ بحری جہاز کو نہرسوئز سے  نکالنے کا آپریشن شروع کیا گیا تاہم اب تک اس کا کوئی خاطر خواہ نتیجہ برآمد نہیں ہوسکا ہے۔

اس سے پہلے یہ خیال کیا جارہا تھا کہ یہ کام دو روز میں مکمل کرلیا جائے گا۔

کہا جارہا ہے کہ نہر سوئز کی بندش کی وجہ سے تیل اور اشیائے صرف سے لدے دو سوچالیس بحری جہاز کھلے سمندروں میں راستہ کھلنے کا انتظار کر رہے ہیں۔

ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا کہ نہر سوئز کی بندش کے باعث دنیا بھر میں خوراک، تیل اور ویکسین کی یومیہ ترسیل، دس سے بارہ فی صد تک متاثر ہوسکتی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ دوہزار ٹن وزنی یہ دیوہیکل مال بردار بحری جہاز گزشتہ ہفتے منگل کے روز نہر سوئز عبور کرتے ہوئے فنی خرابی کا شکار ہوگیا تھا، جس کی وجہ سے یورپ اور ایشیا کو ملانے والی دنیا کی اہم ترین آبی گزرگاہ بند ہوگئی تھی۔

ٹیگس