روس: صدر پوتین کے اقتدار میں رہنے کے لئے قانون سازی
ولادیمیر پوتین کے 2036 تک صدر رہنے کی راہ ہموار ہوگئی۔
اس قانون میں مزید دو بار صدارتی الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت سے روسی صدر پوتین کے 2036 تک صدر کے عہدے پر براجمان رہنے کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔ ولادیمیر پوتین کی موجودہ دور صدارت کی مدت 2024 میں ختم ہو رہی ہے۔
1999 سے تاحال ولا دیمیر پوتین دو بار صدر اور دو بار وزیراعظم منتخب ہوچکے ہیں یعنی بیسویں صدی میں روس پر مکمل حکمرانی انہی کی رہی ہے جب کہ گزشتہ برس تاحیات صدر رہنے کے لیے ریفرنڈم کرایا گیا تھا۔
گزشتہ برس یکم جولائی کو ہونے والے عوامی ریفرنڈم میں 73 فیصد سے زائد کامیابی پر 67 سالہ صدر پوتین کو 2036 تک ملک کا صدر رہنے کی عوامی اجازت حاصل ہوگئی تھی جو اب باقاعدہ ایک قانون بن گیا۔
واضح رہے کہ سوویت یونین کے ڈکٹیٹر جوزف اسٹالن بھی 1927 سے 1953 (26 سال) تک بلا شرکت غیرے حکمراں رہے اور لگتا ہے اب یہ ریکارڈ پوتین توڑ دیں گے جنہیں مسلسل حکمرانی کرتے ہوئے 22 سال ہوچکے ہیں۔