Apr ۱۳, ۲۰۲۱ ۱۶:۰۰ Asia/Tehran
  • امریکہ میں پولیس کے ہاتھوں سیاہ فام نوجوان کا قتل، ہنگاموں کے بعد کرفیو نافذ

امریکی پولیس کے ہاتھوں ایک سیاہ فام نوجوان کے قتل کے بعد ریاست مینے سوٹا کے شہر منیاپولیس میں کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔

فرانس پریس کے مطابق امریکی پولیس افسر کے ہاتھوں میں سیاہ فام نوجوان دونتے رائٹ  کے قتل کے بعد شہر میں ہنگامے پھوٹ پڑے اور میئر نے حالات پر قابو پانے کے لیے منگل کی  صبح سے کرفیو نافذ کرنے کا اعلان کردیا۔

کہا جارہا ہے کہ اس واقعے کے بعد سیکڑوں لوگوں نے بروکلین سینٹر کی سڑکوں پر مظاہرے کیے اور پولیس کے ساتھ ان کی جھڑپیں بھی ہوئیں۔

سٹی پولیس چیف کا دعوی ہے کہ خاتون پولیس افسر نے دونتے رائٹ پر اس وقت غلطی  سے الیکٹرانک بندوق کے بجائے، اصل بندوق سے گولی چلادی جب وہ گرفتاری سے بچنے کے لیے گاڑی میں بیٹھ کر فرار ہو رہا تھا۔

ہلاک ہونے والے نوجوان دونٹے رائٹ کے اہلخانہ کے مطابق پولیس نے نوجوان کے، گاڑی میں بیٹھنے اور چلانے سے قبل اس پر فائرنگ کی تھی اور اسے بعدازاں مردہ قرار دیا گیا۔

یہ واقعہ، اس مقام سے محض چند کلومیٹر کے فاصلے پر پیش آیا ہے جہاں جون دو ہزار بیس میں ایک امریکی پولیس افسر نے سیاہ فام شہری جارج فلائیڈ کو گھٹنے سے گردن دبا کر ہلاک کردیا تھا۔

جارج فلائیڈ کی پولیس کے ہاتھوں ہلاکت کے بعد امریکہ پولیس کی نسل پرستی کے خلاف زبردست مظاہرے کیے گئے تھے اور یہ سلسلہ کافی عرصے تک جاری رہا تھا۔

ٹیگس