Apr ۲۶, ۲۰۲۱ ۱۰:۲۲ Asia/Tehran
  • امریکہ میں فائرنگ بچی سمیت 3 افراد ہلاک

امریکہ میں فائرنگ کے دو الگ الگ واقعات میں کم سے کم 3 افراد ہلاک اور 4 دیگر زخمی ہوگئے۔

تسنیم خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق امریکی ریاست فلوریڈا میں ایک 3 سالہ بچی  برتھ ڈے کی تقریب کے دوران ہونے والی فائرنگ سے ہلاک اور ایک خاتون زخمی ہو گئی۔

دوسری جانب امریکی ریاست نواڈا اور ٹینسی میں ہونے والی فائرنگ سے 2 افراد ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق فائرنگ کے یہ واقعات ریاست نویڈا کے شہر لاس ویگاس اور ٹینسی کے شہر ممفس میں پیش آئے۔

لاس ویگاس پولیس کے مطابق ، اتوار کے رات دیر گئے کئی مسلح افراد نے ایک دوسرے پر آزادانہ فائرنگ کی جس میں ایک شخص ہلاک اور دو زخمی ہوگئے۔ ادھر ممفس سٹی میں پیش آنے والے فائرنگ کے واقعے میں بھی ایک شخص ہلاک اور دوسرا زخمی ہوگیا۔

امریکہ کو ان دنوں اغوا برائے تاوان اور تشدد کی نئی لہر کا سامنا ہے اور روزانہ فائرنگ کے متعدد واقعات پیش آرہے ہیں۔

پچھلے چند ہفتوں کے دوران امریکہ میں رونما ہونے والے فائرنگ کے ہلاکت خیز واقعات کے بعد، اسلحہ کی آزادانہ خرید وفرخت کو محدود کرنے کے مطالبات ایک بار پھر شدت اختیار کرگئے ہیں۔

امریکہ میں فائرنگ اور تشدد کے واقعات میں سالانہ ہزاروں افراد موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔

سرکاری سطح پر جاری کیے جانے والے اعداد و شمار کے مطابق امریکی  سماج میں ستائیس کروڑ سے تیس کروڑ تک ہتھیار گردش کر رہے ہیں۔ یعنی ہر شخص کے پاس اوسطا ایک آتشیں ہتھیار موجود ہے۔

امریکہ میں اسلحہ کی خرید و فروخت پر کسی قسم کی پابندی نہیں ہے جس کی بنا پراس قسم کے واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں۔

امریکہ کے عوامی اور سماجی حلقوں کی جانب سے ہتھیاروں کی خرید و فروخت پر پابندی کے مطالبات کے باوجود اسلحہ ساز کمپینوں اور حکومت میں ان کی لابنگ کے نتیجے میں امریکی کانگریس کوئی موثر اقدام کرنے کی توانائی سے اب تک قاصر رہی ہے۔

ٹیگس