بیلا روس کے صدر کا پیشگی اقدام
بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکوف نے قتل کے خدشے کے پیش نظرصدارتی آرڈینس پر دستخط کردیئے۔
اطلاعات کے مطابق صدر الیگزینڈر لوکاشینکوف نے یہ اقدام کسی ایمرجنسی کی صورت میں صدارتی اختیارات آئینی طور پر وزیراعظم کو منتقل ہونے سے بچانے کے لیے اُٹھایا ہے جس سے صدر اور وزیراعظم کے درمیان اختلافات کی چہ مہ گوئیاں شروع ہوگئیں۔
سرکاری خبر رساں ادارے بیلٹا نے بتایا کہ نئے صدارتی حکم کے بعد اگر صدر لوکاشینکوف کسی اور وجہ سے بھی اپنے فرائض انجام دینے سے قاصر رہے تو اس صورت حال میں بھی اختیارات سلامتی کونسل کو منتقل ہو جائیں گے جب کہ اس سے قبل یہ اختیارات وزیراعظم کو منتقل ہوتے تھے۔
ملک میں کسی ہنگامی صورت حال میں بھی وزیراعظم کو نئے صدر کی حلف برداری تک صدارتی فرائض بھی انجام دینا ہوتے تھے تاہم اب یہ کام قومی سلامتی کونسل کا ہوگا۔
قبل ازیں صدر لوکاشینکوف نے کہا تھا کہ وہ بیلاروس میں اقتدار کا ڈھانچہ تبدیل کر دینا چاہتے ہیں جس کے لیے وہ صدارتی فرمان پر دستخط کر رہے ہیں جو دراصل ملک میں اختیارات کی ہنگامی منتقلی کے قانون میں تبدیلی کا عمل ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس لوکاشینکوف کے دوبارہ انتخاب کے بعد ملک میں احتجایی مظاہرے شروع ہو گئے تھے جہنیں مبینہ طور سے حکومت نے طاقت کے ذریعے کچل دیا تھا۔