کینیڈا میں اسلاموفوبیا کے اثرات
کینیڈا کے مسلمانوں میں عدم تحفظ کا احساس بڑھ رہا ہے۔
کینیڈا کے شہر لندن میں پاکستان نژاد خاندان کے 4 افراد کے قتل کے بعد ملک میں نفرت پر مبنی جرائم کے حوالے سے تشویش بڑھ رہی ہے اور حالیہ دنوں میں کم از کم 4 ایسے واقعات پیش آئے ہیں، جن سے یہاں بسنے والے مسلمان خود کو غیر محفوظ محسوس کرنے لگے ہیں۔
حال ہی میں صوبہ اونٹاریو کے ایک اور قصبے میں پولیس نے ایک مسلمان خاندان پر نفرت پر مبنی جملے کسنے اور قتل پر اکسانے والی ایک وائرل ویڈیو پر تفتیش شروع کر دی ہے۔
اونٹاریو میں واقع منٹو قصبے کے علاقہ ہیرسٹن میں ایک شخص نے لندن واقعے کے بعد یہ ٹک ٹاک ویڈیو بنائی تھی۔ یہ ویڈیو ہیرسٹن کے ایک رہایشی نے سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کی تو یہ وائرل ہو گئی اور اس کے بعد متاثرہ خاندان کے ایک شخص نے اسے دیکھا اور پہچان لیا۔
متاثرہ خاندان کے فرد احمد محمد کے مطابق انہوں نے اس مواد کی اطلاع مقامی پولیس کو دی اور انہوں نے اس حوالے سے اپنے ایک کینیڈین دوست کو بھی آگاہ کیا۔ چند گھنٹوں بعد ہی پولیس نے ویڈیو بنانے والے شخص کو ڈھونڈ نکالا اور اس کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
احمد محمد نے بتایا کہ پولیس کو اطلاع ملتے ہی وہ 15 منٹ میں ہماری مدد کو پہنچ گئے۔ اس ویڈیو کے باعث مسلم خواتین میں خوف و ہراس پیدا ہو گیا ہے۔