روس مخالف امریکی پابندیوں پر ماسکو کا ردعمل
روس کی وزارت خارجہ کی ترجمان نے ماسکو کے خلاف واشنگٹن کی جانب سے عائد کی جانے والی نئی پابندیوں پر سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
روس کی دفتر خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے ماسکو کے خلاف واشنگٹن کی جانب سے عائد کی جانے والی نئی پابندیوں کے بارے میں امریکہ کے قومی سلامتی کے مشیر کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ، روس کے خلاف عائد کی جانے والی پابندیوں کو اپنے مسائل کے حل کے لئے ایک حربے کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔
واضح رہے امریکہ کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سالیوان نے اتوار کے روز اعلان کیا ہے کہ امریکہ نورڈ اسٹریم ٹو گیس پائپ لائن پروجیکٹ میں شامل کمپنیوں کے خلاف پابندیاں جاری رکھے گا۔ انھوں نے اسی طرح کہا ہے کہ امریکہ، روسی حکومت کے مخالف رہنما الیکسی ناولنی کیس میں روس کے خلاف کئی اور نئی پابندیاں لگانے کی تیاری کر رہا ہے۔ روس میں حکومت مخالف رہنما الیکسی ناولنی کی گرفتاری، روس مخالف نئے اقدامات کے حربے میں تبدیل ہوگئی ہے۔