ایٹمی مذاکرات اپنے آخری مرحلے میں ہیں: روس
روس کا کہنا ہے کہ جامع ایٹمی معاہدہ کے تعلق سے ہونے والے مذاکرات اپنے آخری مرحلے کو پہونچ گئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق روس کے نائب وزیر خارجہ اور سینیئر ایٹمی مذاکرات کار سرگئی ریابکوف نے کہا ہے کہ جامع ایٹمی مذاکرات کو دوبارہ مکمل طور پر بحال کرنے کے لئے ویانا میں جاری مذاکرات اپنے آخری مرحلے میں پہونچ گئے ہیں۔
سرگئی ریابکوف نے روسی سرمایہ کاروں کی پچیسویں سالانہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم یہ کہہ سکتے ہیں کہ جامع ایٹمی معاہدے کے حوالے سے ہم مذاکرات کے آخری مرحلے پر پہونچ چکے ہیں اور اس میں کوئی مبالغہ نہیں ہے۔
روسی مذاکراتکار نے ساتھ ہی یہ اعتراف بھی کیا کہ مذاکرات کا آخری دور بڑا دشوار ہے اور تمام اہم اور طویل مدتی فیصلے فریق ممالک کے دارالحکومتوں میں لئے جائیں گے۔روس کے نائب وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اگر ویانا مذاکرات کے اس آخر دور میں اگر سبھی فریق اختلافات حل کر لیتے ہیں تو ممکن ہے کہ آئندہ چند دنوں میں مذاکرات اپنے اختتام کو پہونچ جائیں۔
سرگئی ریابکوب نے مذاکرات کے مثبت نتائج کے حوالے سے امید ظاہر کی اور کہا کہ میرا ماننا ہے کہ یہ مذاکرات چند مہینے نہیں بلکہ چند ہفتوں میں نتیجے تک پہونچ جائیں گے۔