کینیڈا میں ایک اور اجتماعی قبر دریافت
کینیڈا میں ایک اور اجتماعی قبر دریافت ہوئی ہے جس میں خیال کیا جا رہا ہے کہ زیادہ تر کمسن بچے دفن ہیں۔
پچھلے ایک ماہ کے دوران کینیڈا کے مقامی باشندوں سے تعلق رکھنے والے بچوں کی دوسری اجتماعی قبر دریافت ہوئی ہے۔ اخبار نیشنل پوسٹ کے مطابق صوبہ ساسکاچوان میں سیکڑوں نامعلوم قبریں دریافت ہوئی ہیں اور کہا جا رہا ہے کہ یہ کینیڈا کے اصلی اور مقامی باشندوں کے بچوں کی ہیں۔
اس رپورٹ کے مطابق صوبے کے ایک اصلی باشندے نے بتایا ہے کہ ان قبروں میں، مقامی نسل سے تعلق رکھنے والے بچوں کی لاشیں دفن ہیں۔ تازہ قبریں بھی اسی بورڈنگ کے اسکول کے قریب دریافت ہوئی ہیں جس کے احاطے سے گزشتہ ماہ ایک اجتماعی قبر دریافت ہوئی تھی۔
مقامی باشندوں کا خیال ہے کہ تازہ دریافت ہونے والی قبروں میں دفن بچوں کی تعداد کیتھولک اسکول کے احاطے سے ملنے والی لاشوں سے کئی گنا زیادہ ہو سکتی ہے۔
واضح رہے کہ انتیس مئی کو کینیڈا کے شہر برٹش کولمبیا کے ایک متروکہ بورڈنگ اسکول کے احاطے سے دوسو پندرہ بچوں کی قبریں دریافت ہوئیں جن میں زیادہ تر کی عمریں تین سال سے کم بتائی جاتی ہیں۔
خیال رہے کہ اٹھارہ سو تراسی سے لیکر انیس سو چھیانوے تک تقریبا ڈیڑھ لاکھ مقامی بچوں کو ان کے اہل خانہ سے جبری طور پر جدا کرکے، چرچ کے زیرانتظام چلنے والے بورڈنگ اسکولوں میں رکھا جاتا رہا ہے۔ اس اقدام کا مقصد کینیڈا کے اصلی باشندوں کی تہذیب و ثقافت اور زبان کو ان سے چھین کر اپنی تہذیب و زبان کو اُن پر مسلط کرنا تھا۔