جارج فلوئڈ کے قاتل کو سزا
امریکی عدالت نے سیاہ فام شہری جارج فلوئد کے قاتل پولیس افسر کو ساڑھے بائس سال قید کی سزا سنا دی۔
فارس نیوز کے مطابق امریکی ریاست مینے سوٹا کی ایک عدالت نے نسل پرستانہ بنیادوں پر ایک سیاہ فام امریکی شہری جارج فلوئڈ کو قتل کرنے والے سفید فام پولیس افسر ڈریک شوون کو ساڑھے بائیس سال قید کی سزا سنا دی ہے۔
اس سے قبل ڈریک شوون کو اپریل کے مہینے میں عدالت نے تمام موارد میں مجرم قرار دے دیا تھا۔ چھیالیس سالہ جارج فلوئڈ مینے سوٹا ریاست کے شہر مینیا پولس کا ایک رہائشی تھا جسے پچیس مئی دوہزار بیس کو مذکورہ سفید فام افسر نے اپنے گھٹنے سے گلا دبا کر قتل کر دیا تھا۔
اس واقعے کے بعد جہاں امریکہ بھر میں نسلی بھید بھاؤ کے خلاف تحریک اٹھ کھڑی ہوئی تھی وہیں دنیا کے مختلف ممالک میں نسلی امتیازات کے خلاف احتجاج اور مظاہروں کا سلسلہ شروع ہو گیا تھا۔ اس وقت امریکہ میں مقیم سیاہ فام برادری کو بڑے پیمانے پر نسلی بھید بھاؤ کا سامنا ہے۔