ایران، چین اور روس، امریکا کو ذلیل کرتے جا رہے ہیں: ٹرمپ + ویڈیو
امریکا کے سابق صدر نے اپنی ایک انتخاباتی مہم میں کہا کہ ایران، چین اور روس، عالمی محاذ پر امریکا کو ذلیل کرتے جا رہے ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاوس سے نکلنے کے بعد اوہایو میں اپنی پہلی انتخاباتی مہم میں بائیڈن حکومت کی پالیسیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے دعوی کیا کہ اگر 2020 کے انتخابات میں دھاندلی نہ ہوئی ہوتی تو وہ ایک ہفتے کے اندر ایران سے معاہدہ کر لیتے۔
انہوں نے بائیڈن انتظامیہ کی پالیسیوں کو خطرناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران، چین اور روس، عالمی سطح پر امریکا کو بے عزت کر رہے ہیں اور بائیڈن اپنی موجودہ پالیسیوں پر عمل کرکے امریکا کو تباہ کر رہے ہیں۔
ٹرمپ نے بائیڈن انتظامیہ کے گزشتہ پانچ مہینے کے کاموں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ پوری طرح سے ایک بڑی ناکامی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جرائم تیزی سے بڑھ رہےہیں، قتل و جرائم کے اعداد و شمار میں اضافہ ہو گیا ہے، غیر ملکی سرحدیں پار کرکے ہمارے ملک میں داخل ہو رہے ہیں اور اب تک کسی نے بھی اس طرح کے واقعات پر توجہ نہيں دی۔
امریکا کے سابق صدر نے ایران کے ساتھ ہوئے ایٹمی معاہدے میں امریکا کی ممکنہ واپسی کے بارے میں کہا کہ اس وقت امریکا اس معاہدے میں واپس لوٹ رہا ہے اور اس سے یا تو اسرائیل کا وجود ختم ہو جائے گا یا پھر ایک بڑی جنگ شروع ہو جائے گی۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ہم ایٹمی معاہدے سے، جس کے تحت ایران کو 150 ارب ڈالر دیئے گئے، فورا نکل گئے۔ یہ بڑا احمقانہ معاہدہ تھا اور امریکا کی موجودہ حکومت اس میں دوبارہ لوٹنا چاہ رہی ہے۔ ٹرمپ نے کہا کہ اگر 2020 میں انتخابات میں دھاندلی نہ ہوئی ہوتی اور صدارتی انتخابات صحیح طریقے سے منعقد ہوتے تو ہم ایک ہفتے کے اندر ایران سے معاہدہ کر لیتے۔