برطانیہ، ویمبلے میں ہنگامہ آرائی کرنے والے افراد کی تصاویر جاری
برطانوی پولیس نے یورو کپ کے فائنل کے موقع پر شرپسندی کرنے والے عناصر کی گرفتاری کے لئے عوام سے مدد مانگ لی۔
برطانیہ کی پولیس کو ویمبلے میں فائنل کے موقع پر ہنگامی آرائی میں ملوث افراد کی تلاش ہے، پولیس نے 10 افراد کی تصاویر جاری کرکے عوام سے ان کی گرفتاری میں مدد دینے کی اپیل کی ہے۔
پولیس کی جانب سے جاری شدہ تصاویر میں ٹکٹ کے بغیر لوگوں کو یورو فائنل سے قبل زبردستی اسٹیڈیم کے اندر جانے کی کوشش کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
تصاویر میں تماشائیوں کو 11 جولائی کو میچ شروع ہونے سے قبل زبردستی گیٹ میں داخل ہونے کیلئے اسٹیوارڈز اور پولیس سے لڑتے بھی دیکھا جاسکتا ہے۔
میٹروپولیٹن پولیس کا کہنا ہے کہ اس نے جو تصاویر جاری کی ہیں وہ ان لوگوں کی ہیں، جن سے پولیس پوچھ گچھ کرنا چاہتی ہے۔ پولیس نے کہا ہے کہ اگر کسی کو ان لوگوں کے بارے میں کوئی علم ہو تو وہ پولیس کو اطلاع دے۔ تفتیشی افسر کا کہنا ہے کہ ہنگامہ آرائی کی تفتیش ابھی ابتدائی مراحل میں ہے، ابھی اور مزید گرفتاریاں ہوں گی۔
بتایا جاتا ہے کہ پولیس اور فٹبال ایسوسی ایشن میچ کے انتظامی معاملات کا بھی جائزہ لے رہی ہے۔