Aug ۱۳, ۲۰۲۱ ۱۲:۴۹ Asia/Tehran
  • پاناما کا کارگو شپ حادثے کا شکار

پاناما کا مال بردار بحری جہاز کم گہرے پانی میں سمندر کی تہہ سے ٹکرانے کے بعد دو حصوں میں تقسیم ہوگيا۔

جاپان کے ساحل کے قریب پاناما کا مال بردار بحری جہاز کم گہرے پانی میں سمندر کی تہہ سے ٹکرانے کے بعد دو حصوں میں تقسیم ہوکر ڈوبنے لگا جبکہ اس سے تیل بھی خارج ہو رہا ہے تاہم ساحل تک نہیں پہنچا۔

جاپانی کوسٹ گارڈز کے مطابق تیل کے اخراج پر قابو پانے کی کوشش کی جا رہی ہے،21 افراد پر مشتمل جہاز کے عملے کو بغیر کسی نقصان کے بچا لیا گیا ہے۔

40 ہزار ٹن وزنی مال بردار بحری جہاز ’کرمسن پولارس‘ تھائی لینڈ سے لکڑی کا برادا لے کر جا رہا تھا کہ جاپان کے شہر ہاچینوہی کی بندرگاہ سے تھوڑا پہلے کم گہرے پانی میں سمندر کی تہہ سے ٹکرا گیا جس کے باعث اس میں سے تیل خارج ہونا شروع ہوگیا۔

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی (اے ایف پی) کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ جہاز کے اگلے حصے کو علیحدہ کرنے کے بعد تین کشتیاں اور تین ہوائی جہاز امداد کیلئے روانہ کیے گئے تھے۔ تیل سمندر میں 24 کلو میٹر تک پھیلا ہوا ہے لیکن تاحال اس کے ماحولیاتی اثرات سامنے نہیں آئے ہیں۔

 

ٹیگس