Sep ۱۸, ۲۰۲۱ ۱۶:۵۲ Asia/Tehran
  • نیوزی لینڈ کی ٹیم وطن واپس، پاکستان کا شدید احتجاج

پاکستان کرکٹ بورڈ نے نیوزی لینڈ کے خلاف انٹرنیشنل کرکٹ کونسل میں شکایت کا اعلان کر دیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجا نے سیریز منسوخ کرنے کے نیوزی لینڈ کے فیصلے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ اب ہمیں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل میں سنے گا۔

رمیز راجا نے عین وقت پر سیریز منسوخ کرنے کے نیوزی لینڈ کے اعلان کو افسوسناک قرار دیا اور کہا کہ یہ ایک مشکل دن تھا، شائقین اور اپنے کھلاڑیوں سے بہت معذرت چاہتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی خطرے پر یک طرفہ فیصلہ کرتے ہوئے پاکستان سے واپسی کا نیوزی لینڈ کا اعلان، بہت تکلیف دہ ہے۔
واضح رہے کہ نیوزی لینڈ نے جمعے کو پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں سیریز کے پہلے ایک روزہ میچ سے چند لمحے قبل ہی سیکورٹی الرٹ ملنے کے بعد دورہ منسوخ کرنے کا اعلان کیا تھا۔نیوزی لینڈ کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ وائٹ کا کہنا تھا کہ جو رپورٹیں اور ہدایات ہمیں موصول ہوئیں ان کے پیش نظر اس دورے کو جاری رکھنا ممکن نہیں تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ یہ، پی سی بی کے لیے ایک دھچکا ہوگا جو شان دار میزبان رہے ہیں تاہم کھلاڑیوں کی حفاظت سب سے اہم ہے اور ہمیں یقین ہے کہ یہ واحد آپشن ہے۔

 

ٹیگس