Oct ۰۸, ۲۰۲۱ ۱۱:۳۱ Asia/Tehran
  • ایران اور سعودی عرب کے مابین گفتگو بہت اہم ہے: اقوام متحدہ

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے ترجمان نے ایران اور سعودی عرب کے مابین گفتگو کو اہم قرار دیا۔

فارس نیوز ایجنسی کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے ترجمان اسٹیفن دوجاریک نے کہا کہ ایران اور سعودی عرب کے مابین مذاکرات اور گفتگو بہت اہم ہیں اور سچی بات یہ ہے کہ علاقائی امن و سلامتی میں ان کا بڑا اہم کردار ہے۔

سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے گزشتہ اتوار کو ریاض اور تہران کے مابین مذاکرات کی تصدیق کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ فریقین کے درمیان موجود مسائل مذاکرات اور گفتگو کے ذریعے حل ہو جائیں گے۔

ایران کے ترجمانِ وزارت خارجہ سعید خطیب زادہ نے دونوں ممالک کے مابین ہونے والے مذاکرات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ سعودی عرب کے ساتھ اچھے ماحول میں مذاکرات جاری ہیں۔

پیر کے روز دو عراقی عہدے داروں نے ایسوشیئیٹڈ پریس کو بتایا تھا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اور سعودی عرب کے نمائندوں نے بغداد میں مذاکرات اور گفتگو کا نیا سلسلہ شروع کیا ہے۔

خیال رہے کہ تہران اور ریاض کے مابین گزشتہ ہفتے ہونے والے یہ مذاکرات ایران میں سید ابراہیم رئیسی کی حکومت کی تشکیل کے بعد پہلے مذاکرات تھے۔ عراق حالیہ مہینوں کے دوران ایران اور سعودی عرب کے مابین کشیدگی کو ختم کرنے کے مقصد سے ایک ثالت کی حیثیت سے سرگرم عمل رہا ہے۔

دونوں ممالک کے مابین مذاکرات کا پہلا دور پانچ ماہ قبل بغداد میں منعقد ہوا اور اسکے بعد سے اب تک کئی بار مذاکرات ہو چکے ہیں۔

ایران اور سعودی عرب کے مابین ایسے حالات میں مذاکرات جاری ہیں کہ سعودی حکام ان دنوں جنگِ یمن کے دلدل سے نکلنے کے ہیں، وہی جنگ جس کے نتیجے میں اب تک دسیوں ہزار یمنی شہری شہید و زخمی اور دسیوں لاکھ ناگفتہ بہ مشکلات کا شکار ہو چکے ہیں اور سعودی عرب یمن میں اپنا بیان کردہ کوئی بھی مقصد حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکا ہے۔

ٹیگس