Oct ۳۰, ۲۰۲۱ ۱۰:۴۳ Asia/Tehran
  • چین میں ایک بار پھر کورونا، شہریوں کو گھروں میں رہنے کا حکم

چین میں عالمی وبا کورونا پر کنٹرول کرنے کے لیے حکومت نے ملک بھر میں سختی کردی ہے۔

عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق دنیا کی سب سے بڑی آبادی والے ملک چین میں گزشتہ موسم بہار میں متعدی مرض سے متاثرہ افراد کی تعداد کم ہوگئی تھی اور اس کا سہرا وبا کی ابتدا میں سرحدوں کی بندش، لاک ڈاؤن اور طویل دورانیہ قرنطینہ کے طریقہ کار کے سر سجایا گیا تھا۔ تاہم چین میں مختلف سیاحتی علاقوں میں اب عالمی وبا کے مریضوں کی تعداد میں دوبارہ اضافہ ہو رہا ہے، حکام نے کروڑوں شہریوں کو گھروں میں رہنے کا حکم دیا ہے، بین الاصوبائی سفر پر پابندی عائد کردی گئی ہے جبکہ ٹیسٹ کی تعداد بڑھا دی گئی ہے۔

شہر کے متعدی امراض کے کنٹرول سینٹر کے نائب سربراہ پینگ شینگھاؤ نے پریس کانفرنس میں کہا کہ شہریوں کو شادیاں ملتوی کر دینی چاہیئں، میتوں کی رسومات مختصر کردیں جبکہ اجتماعات اور غیر ضروری تقریبات سے گریز کریں۔

چین کے متعدد علاقوں میں داخلے کے لیے شہریوں سے منفی ٹیسٹ رپورٹ مانگی جارہی ہے خاص طور پر ان شہروں میں جہاں حال ہی میں نئے کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔

چین بھر میں تقریباً 60 لاکھ افراد لاک ڈاؤن کے زیر اثر ہیں جن میں سے 40 لاکھ کا تعلق چین کے شمال مغربی شہر لانژو اور عجین کی کاؤنٹی انر منگولین سے ہے۔

ٹیگس