Nov ۰۲, ۲۰۲۱ ۰۷:۲۱ Asia/Tehran
  • فائل فوٹو
    فائل فوٹو

امریکہ میں ہیلووین کی تقریبات کے دوران فائرنگ کے کئی واقعات میں چونسٹھ افراد ہلاک و زخمی ہوگئے۔

امریکہ میں فائرنگ کے واقعات کو درج کرنے والے مرکز گن وائلنس آرکائیو کے مطابق پیر کے روز امریکہ میں ہیلووین کی تقریبات کے دوران فائرنگ کے گیارہ واقعات پیش آئے جس کے نتیجے میں کم از کم بارہ افراد ہلاک اور باون زخمی ہو گئے۔

امریکہ کو تشدد، انتہا پسندی، مسلحانہ واقعات اور اغوا کی وارداتوں میں اضافے کا سامنا ہے جس کے باعث سالانہ ہزاروں افراد ملک کے مختلف علاقوں میں فائرنگ یا مسلحانہ تصادم کے واقعات کا شکار ہو کر اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔

امریکہ میں جاری ہونے والے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں عوام کے پاس ستائس کروڑ سے لے کر تیس کروڑ تک ہتھیار موجود ہیں۔ امریکہ میں اسلحہ رکھنے کی آزادی نے بہت سی زندگیوں کی آزادی کو خطرے میں ڈال دیا ہے اور اس المیے کے سبب سالانہ ہزاروں افراد لقمہ اجل بن رہے ہیں۔

امریکہ میں اسلحہ ساز لابیاں اس قدر مضبوط ہیں کہ حکومتیں بھی تاحال اس صورتحال کو لگام دینے اور اسلحوں کے استعمال سے متعلق مؤثر قوانین بنانے میں ناکام رہی ہیں۔ اس وقت امریکہ میں دنیا کی کُل پانچ فیصد آبادی رہائش پذیر ہے مگر دنیا بھر میں پیش آنے اور قتل پر منتج ہونے والے مسلحانہ واقعات میں سے اکتیس فیصد امریکہ میں رونما ہوتے ہیں۔

 

ٹیگس