Apr ۰۷, ۲۰۲۴ ۱۶:۰۱ Asia/Tehran
  • امریکہ میں فائرنگ سے 9 افراد ہلاک و زخمی

امریکی شہر میامی کے مضافات میں فائرنگ کے ایک واقعے میں دو افراد ہلاک اور سات دیگر زخمی ہو گئے۔

سحر نیوز/ دنیا: غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایک بار میں کسٹمرز کے درمیان لڑائی کے بعد فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ۔ ایک شخص نے سیکیورٹی گارڈ کی گن چھین کر اس پر فائرنگ کر دی ۔ تفتیش کار کے مطابق فائرنگ سے سیکیورٹی گارڈ ہلاک ہو گیا جبکہ دیگر سیکیورٹی اہلکاروں کی جوابی فائرنگ سے حملہ آور بھی مارا گیا۔

سرکاری سطح پر جاری کئے جانے والے اعداد و شمار کے مطابق امریکی سماج میں ستائیس کروڑ سے تیس کروڑ تک، مختلف قسم کے ہتھیار گردش کر رہے ہیں۔ یعنی ہر شخص کے پاس اوسطا ایک ہتھیار موجود ہے۔

یہ ایسی حالت میں ہے کہ امریکہ میں سالانہ ہزاروں افراد اسی گن کلچر کی بھینٹ چڑھ کر لقمہ اجل بن جاتے ہیں۔ امریکہ میں ہتھیاروں کو رکھنے اور انکے استعمال کی آزادی نے نہایت سنگین سکیورٹی مسائل پیدا کر دیئے ہیں جس کے باعث ہر آن ہزاروں افراد کو انتہاپسند مسلح عناصر کی طرف سے موت کے خطرات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

امریکہ میں اسلحہ کی خرید و فروخت پر کسی بھی قسم کی پابندی نہیں ہے جس کی بنا پر اس قسم کے واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں ۔ امریکہ کے عوامی اور سماجی حلقوں کی جانب سے ہتھیاروں کی خرید و فروخت پر پابندی کے مطالبات کے باوجود اسلحہ ساز کمپنیوں اور حکومت میں ان کی لابنگ کے نتیجے میں امریکی کانگریس کوئی بھی موثر اقدام کرنے کی توانائی سے اب تک قاصر رہی ہے۔

ٹیگس