امریکہ، ایک حاملہ خاتون امریکی گن کلچر کی بھینٹ چڑھ گئی
امریکی ریاست پینسلوانیا میں رونما ہونے والے فائرنگ کے ایک واقعے میں ایک حاملہ خاتون جاں بحق ہو گئی۔
امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق فائرنگ کا یہ واقعہ ریاست پینسلوانیا کے فیلاڈلفیا شہر میں پیش آیا۔
ابھی تک فائرنگ کرنے والے فرد کے محرکات اور واقعے سے جڑی مزید تفصیلات سامنے نہیں آ پائی ہیں۔
امریکہ میں مسلحانہ تصادم اور فائرنگ کے واقعات روزانہ کا معمول شمار ہوتے ہیں جس کے باعث ہر سال ہزاروں امریکی شہری ملک میں رائج گن کلچر کی بھینٹ چڑھ جاتے ہیں۔
امریکہ میں جاری سرکاری اعداد و شمار کے مطابق امریکی عوام کے پاس ستائس کروڑ سے لے کر تیس کروڑ تک اسلحے موجود ہیں۔ امریکہ میں بڑھتا گن کلچر اور تشدد و انتہاپسندی کے واقعات میں اضافہ اس ملک میں اسلحے کے استعمال میں عوام کو حاصل آزادی کا شاخسانہ ہے جس کے تحت کوئی بھی اسلحہ خرید کر اپنے پاس رکھ سکتا ہے اور اپنی طے کردہ ضرورت کے موقع پر وہ اُسے استعمال بھی کر سکتا ہے۔
امریکہ میں دنیا کی کل پانچ فیصد آبادی موجود ہے مگر اس کے باوجود دنیا میں عوام کے قتل عام پر مبنی رونما ہونے والے واقعات میں سے اکتیس فیصد امریکہ سے مخصوص ہیں۔