روس اور چین کے صدور آن لائن ملاقات کریں گے
روس اور چین کے صدور بدھ کے روز ایک دوسرے سے آن لائن ملاقات اور ماسکو بیجنگ اسٹریٹیجک تعلقات کے بارے میں تبادلہ خیال کریں گے۔
چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان ہوا چون ینگ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ صدر شی جن پھنگ بدھ کے روز اپنے روسی ہم منصب ولادیمیر پوتین سے آئن لائن ملاقات کریں گے، جس میں دونوں ملکوں کے درمیان اسٹریٹیجک تعلقات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
صدر پوتین اور صدر شی جن پھنگ کے درمیان اس سے پہلے جون کے مہینے بھی ایک آن لائن ملاقات ہو چکی ہے۔
ماسکو میں روسی ایوان صدر کریملن نے بھی دونوں رہنماؤں کے درمیان آن لائن ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس ملاقات میں ماسکو بیجنگ تعاون کی ترجیحات طے کی جائیں گی۔
کریملن کے مطابق، روس اور چین کے صدور اس آن لائن ملاقات میں اہم ترین علاقائی اور عالمی مسائل پر بھی بات چیت کریں گے۔
روسی صدر نے گزشتہ ہفتے، امریکی صدر جو بائیڈن سے بھی آن لائن ملاقات کی تھی جس میں بحران یوکرین کے بارے میں پائے جانے والے اختلافات سمیت مختلف مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔